چلغوزہ یونین کے اراکین کا وانا رستم بازار میں لاہور کے کسٹم کلیکٹر کیخلاف بھر پور احتجاج 

  چلغوزہ یونین کے اراکین کا وانا رستم بازار میں لاہور کے کسٹم کلیکٹر کیخلاف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                            جنوبی وزیرستان(نمائندہ  خصوصی) چلغوزہ یونین کے اراکین نے وانا رستم بازار میں لاہور کے کسٹم کلیکٹر کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔ مظاہرین نے احتجاجاً چلغوزہ مارکیٹ کو بند کر دیا اور ہاتھوں میں اٹھائے گئے بینرز اور پلے کارڈز پر اپنے مطالبات درج کیے۔ اس موقع پر عمران وزیر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ لاہور میں وزیرستان کے چلغوزہ سٹور کو کسٹم کلیکٹر نے غیر قانونی طور پر سیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دنوں سے لاہور میں کسٹم حکام کی جانب سے غیر قانونی کارروائیوں کے تحت چلغوزہ سٹور کی بندش ایک صریح ناانصافی ہے۔ زاہد اللہ وزیر نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہم چلغوزہ قانونی طریقہ کار کے تحت ملک کے مختلف شہروں تک سپلائی کرتے ہیں، اور محکمہ جنگلات کو فی کلو 25 روپے ٹیکس بھی ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے باوجود وزیرستان کے چلغوزہ سٹور کو سیل کرنا سراسر ظلم اور استحصال کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ چلغوزہ خالص وزیرستان کی پیداوار ہے، جسے غیر قانونی طریقے یا اسمگلنگ کے ذریعے نہیں لایا گیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انگوراڈا بارڈر گزشتہ پندرہ ماہ سے بند ہے، جس کی وجہ سے افغانستان سے چلغوزہ لانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ کسٹم حکام اپنی غیر منصفانہ پالیسیوں پر نظر ثانی کریں اور وزیرستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے باز رہیں۔