فرانسیسی پولیس نے قاتل اور پولیس کے درمیان ہونے والی گفتگو ٹی وی چینل پر نشر کیے جانے کی تحقیقات شروع کر دی

فرانسیسی پولیس نے قاتل اور پولیس کے درمیان ہونے والی گفتگو ٹی وی چینل پر نشر ...

پیرس (اے پی پی) فرانسیس کی پولیس نے سات افراد کو ہلاک کرنے والے فرانسیسی باشندے محمد مراح اور پولیس کے درمیان ہونے والی گفتگو ایک ٹی وی چینل پر نشر کیے جانے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الجزائری نژاد فرانسیسی شہری محمد مراح نے ملک کے جنوب مغربی شہر تولوز میں گیارہ سے انیس مارچ کے دوران تین فوجیوں اور چار یہودیوں کو ہلاک کیا تھا۔ بعدازاں پولیس نے تولوز میں ہی واقع ان کے گھر کا محاصرہ کر لیا تھا اور بتیس گھنٹے چلنے والی کارروائی میں انہیں ہلاک کر دیا گیا تھا۔منظرِ عام پر آنے والی گفتگو اسی محاصرے کے دوران ریکارڈ ہوئی تھی اور اسے ٹی ایف ون چینل نے نشر کیا ہے۔ فرانس کے وزیرِ داخلہ مینول والز نے ٹی ایف ون کی طرف سے پولیس اور مراح کے درمیان ہونے والے مذاکرات نشر کرنے کے فیصلے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ مرنے والے افراد کے لواحقین کی توہین ہے۔ انھوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ یہ گفتگو ایسے وقت میں نشر کی گئی ہے جب یہ معاملہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔ہلاک شدگان کے لواحقین کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ مزید ریکاڈنگ نشر ہونے سے روکنے کے لیے قانونی چارہ جوئی کریں گے ۔ٹی ایف ون کے پروگرام پروڈیوسر امینول چین نے ریکارڈنگ میں موجود خبریت کی بنیاد پرگفتگو نشر کرنے کے فیصلہ کا دفاع کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے۔

مزید : عالمی منظر