راولپنڈی چیمبر اور خیبر پختونخواہ چیمبر میں باہمی تعان کا سمجھوتہ

راولپنڈی چیمبر اور خیبر پختونخواہ چیمبر میں باہمی تعان کا سمجھوتہ

راولپنڈی ( پ ر) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جاوید اختر بھٹی نے کہا ہے کہ ملک بھر کے تمام چیمبرز کا آپس میں رابطہ اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ،کاروباری برادری ملک کے جس خطے سے بھی تعلق رکھتی ہو ان کے مسائل کی نوعیت ایک ہی ہے راولپنڈی چیمبر ملکی تاجر و صنعت کار برادری کی آپس میں ہم آہنگی اور مسلسل روابط کو اہمیت دیتا ہے خیبر پختونخواہ کو تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کے لئے راولپنڈی چیمبر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے راولپنڈی چیمبر اور خیبر پختونخواہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے مابین باہمی مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرنے کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ اس موقع پر کے پی کے چیمبر کے صدر افن عزیز ،نائب صدر ضیاءسرحدی،سابق صدر کے پی کے چیمبرو آر سی سی آئی سینیٹر الیاس بلور جبکہ راولپنڈی چیمبر کے گروپ لیڈر نجم الحق ملک،نائب صدر چوہدری اقبال احمد ،سابق صدور اور اراکینِ مجلسِ عاملہ بھی موجود تھے۔جاوید اختر بھٹی نے کہا کہ موجودہ دور میں کاروباری برادری بہت سے مسائل کا شکار ہے حکومتی ایوانوں میں شنوائی نہ ہونے کے برابر ہے ، راولپنڈی چیمبر آل پاکستان چیمبر ز صدور کانفرنس کے پلیٹ فارم سے بہت سے مطالبات منوا چکا ہے جس کی بڑی وجہ تمام تاجر و صنعتکار برادری کا یک آواز ہو کر اپنے حقوق کے لئے آواز اُٹھانا تھا ضرورت اس امر کی ہے تمام چیمبر ز کے مابین روابط کو فروغ دیا جائے اور بہترین ورکنگ ریلیشن قائم کیا جائے ۔انہوں نے انٹر نیشنل ڈیپارٹمنٹ کی تشکیل کے لئے خیبر پختونخواہ چیمبر کے صدرکو اپنے بھر پور تعاون کا یقین بھی دلایا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے خیبر پختونخواہ چیمبر کے صدر افن عزیز نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر کا شمار ملک کے بہترین چیمبرز میں ہوتا ہے اور چیمبرنے ہر فورم پر بزنس کمیونٹی کے اتحا میں اہم کردار ادا کیا کے پی کے چیمبر راولپنڈی چیمبر کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے تا کہ مستقبل میں تمام چیمبرز کے مابین بہترین تعلقات کو مزیدفروغ دیا جا سکے انہوںنے راولپنڈی چیمبر کے صدر کے تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی چیمبر گذشتہ 50دہائیوں سے خطے کی تاجر و صنعتکار برادری کے مسائل کو حل کرنے میں ہر ممکن قدم اُٹھا رہا ہے۔

مزید : کامرس