پنجاب کے 10 چیمبر ز اورصوبائی حکومت نے معاشی بحالی کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا

پنجاب کے 10 چیمبر ز اورصوبائی حکومت نے معاشی بحالی کیلئے مشترکہ ورکنگ گروپ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب کے دس چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب حکومت نے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے جو صوبے کی معاشی بحالی اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کام کرے گا۔ گروپ کی تشکیل کا فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تمام پنجاب کے تمام چیمبرز اور صوبائی محکموں کے نمائندوں کے اجلاس میں کیا گیا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ نہ تو سرکاری محکمے انڈسٹری کو نوٹس جاری کریں گے اور نہ ہی انسپکٹرز صنعتی یونٹس دورہ کریں گے۔ اجلاس میں لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ، سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر، نائب صدر سعیدہ نذر، فیصل آباد چیمبر کے صدر مزل سلطان، صدر سیالکوٹ چیمبر نعیم انورقریشی، صدر راولپنڈی چیمبر جاوید اختر بھٹی، نائب صدر جہلم چیمبر گل احمد، صدر جھنگ چیمبر شیخ مغیث عماد، صدر ساہیوال چیمبر وسیم اختر، سینئر نائب صدر ملتان چیمبر خواجہ محمد حسین، صدر شیخوپورہ چیمبر امجد نذیر بٹ، صدر وومن چیمبر کوکب پروین، صدر رحیم یار خان چیمبر مظفر سلیم چودھری ، نائب صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک، صوبائی سیکریٹری انڈسٹریز ڈاکٹر شجاعت علی، صوبائی سیکریٹری لاءڈاکٹر سید عبدال حسن نجمی، سیکریٹری لیبر حسن اقبال، وائس چیئرمین پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ڈاکٹر مفتاح اسمعیل، ایڈیشنل سیکریٹری ہوم امان اللہ نیازی اور ڈی جی انوائرمنٹ مقصود احمد موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر اُن کے معاون محمد علی میاں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بوائلر انسپکشن اور محکمہ ماحولیات و سوشل سکیورٹی کی جانب سے نوٹسز کے اجراءکے معاملات زیر بحث آئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ورکنگ گروپ ایم این اے پرویز ملک، وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون محمد علی میاں، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے وائس چیئرمین مفتاح اسمعیل اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں پر مشتمل ہوگا جو صنعت و تجارت کو سہولیات دینے کے لیے نئے قوانین کو حتمی شکل دے گا۔ بوائلر انسپکشن کے بارے میں صوبائی سیکریٹری انڈسٹریز نے کہا کہ یہ سلسلہ ختم کردیا جائے گا ۔ نئے قانون کے نفاذ کے بعد بوائلر انسپکشن انشورنس کمپنیاں کریں گی۔ سوشل سکیورٹی اور ماحولیات سے متعلقہ ایشوز پر اتفاق کیا گیا کہ متعلقہ محکمے نوٹس جاری کرنے سے قبل چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو اعتماد میں لیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ صنعت و تجارت ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور اسے حکومت کے تعاون کی ضرورت ہے لہذا تمام صوبائی محکمے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ صوبے کی معیشت مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری تمام سرکاری محکموں کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے لیکن اسے توانائی کے بدترین بحران سمیت دیگر مسائل نے گھیر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کاروباری برادری وزیراعلیٰ پنجاب کی مشکور ہے جو کاروباری برادری کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات اٹھارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون محمد علی میاں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کی اعلیٰ بیوروکریسی تاجر برادری کے ساتھ مل بیٹھ کر مسائل سلجھا رہی ہے۔ سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے تجویز پیش کی کہ صنعتی یونٹس یا کاروباری گروپوں جو اپنے ورکرز کو اپنے ہسپتالوں کے ذریعے ریلیف دے رہے ہیں انہوں سوشل سکیورٹی انسپکشن سے مثتثنیٰ قرار دیا جائے۔ اس سے فلاحی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

مزید :

کامرس -