دفاع پاکستان کونسل کو احتجاج کا حق جمہوری انداز میں دیا، رحمان ملک
اسلام آباد (جی این آئی) وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ دفاع پاکستان کونسل کو احتجاج کا حق جمہوری انداز میں دیا گیا، مل جل کر چلنے کے بہت اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں، قاری حنیف جالندھری سے ملاقات میں مدرسہ اتھارٹی بنانے کے حوالے سے تمام معاملات طے پا چکے ہیں۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلا آباد میں دفاع پاکستان کی ریلی کے موقع پر پولیس ، رینجر اور ایف سی کے آفسروں اور جوانوں نے مسلسل 18 گھنٹے تک جواں مردی سے اپنے فرائض سرانجام دیئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئی جی اسلام آباد، چیف کمشنر اسلام آباد، ایس پی اور تمام جوانوں کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک ماہ کی بونس تنخواہ کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برما کے مسلمانوں کے متعلق حکومت بھی متفکر ہے، اس معاملے پر اقوام متحدہ اور او آئی سی میں بھی احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات میں 7اہلکاروں کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔