آئندہ 40 سال کا سوچ کر متحد ہ اور مسلم لیگ ق سے اتحاد کیا ، صدر زرداری

آئندہ 40 سال کا سوچ کر متحد ہ اور مسلم لیگ ق سے اتحاد کیا ، صدر زرداری

کراچی (خصوصی رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ 40 سال کا سوچ کر ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) سے اتحاد کیا، کراچی میں قیام امن کےلئے موثر اقدامات کئے جائیں جبکہ ذوالفقار آباد منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کےلئے موثر پلان تشکیل دیا جائے۔ وہ منگل کو بلاول ہاﺅس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کررہے تھے۔ صدر مملکت سے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ او رسینئر مشیر داخلہ عبدالرحمن نے ون ٹو ون ملاقات کی۔ ملاقات میں امن وامان کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ بعد ازاں امن وامان کے اجلاس صدر مملکت کی صدارت میں ہوا۔ صدر مملکت کو کراچی میں امن وامان پر بریفنگ دی گئی۔ صدر نے کہا کہ کراچی میں بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف کارروائی کی جائے۔ رمضان المبارک میں مذہبی رواداری کےلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔ صدر مملکت کی صدارت میں سندھ میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صدر مملکت کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس برس بارشیں معمول کے مطابق ہوں گی۔ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے سندھ حکومت کو ہدایت کی کہ ممکنہ برسات اور سیلاب سے نمٹنے کےلئے انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ صدر کی صدارت میں ذوالفقار آباد پروجیکٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صدر مملکت کو ذوالفقار آباد پروجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ صدر نے کہا کہ ذوالفقار آباد پروجیکٹ سے ملک میں ترقی کا ایک نیا باب شروع ہوگا اور روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ اس پروجیکٹ پر کام فوری شروع کیا جائے۔ دریں اثناءصدر مملکت آصف علی زرعداری نے آبادی اور ترقی کے حوالے سے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ بالخصوص دور افتادہ اور دیہی علاقوں میں معیاری خدمات کی فراہمی کے ذریعے پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے شرح آبادی اور دستیاب وسائل کے درمیان توازن پیدا کرنا ہوگا، حکومت نے شہید رہنما محترمہ بے نظیر بھٹو کی بصیرت کی روشنی میں خواتین کی فلاح وبہبود اور تولیدی صحت کی خدمات کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے یہ بات عالمی یوم آبادی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہی جو آج بدھ پاکستان سمیت دنیا بھر میں منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں آبادی کا مسئلہ محدود وسائل، غربت، ناکافی بنیادی ڈھانچے اور ماحولیاتی انحطاط سے لاحق خطرات کے تناظر میں وسیع تر توجہ کا متقاضی ہے۔دریں اثناءصدر آصف علی زرداری نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ تمام صوبوں میں یکساں لوڈ شیڈنگ کی جائے، کراچی میں صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت توانائی سے متعلق صوبوں کا اجلاس ہوا جس میں صدر کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل توانائی کا بحران ختم کردیا جائے گا۔

مزید : صفحہ اول