دوہری شہریت کیس ، رانا آصف کو بحث کا آخر ی موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی
لاہور (نامہ نگار) لاہور ہائیکورٹ نے دوہری شہریت کیس میں مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی رانا آصف محمود کو اسمبلی کا رکن رہنے کیلئے بحث کا آخری موقع دیتے ہوئے سماعت 18 جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالتی سماعت کے دوران درخواست گزار سیف الملوک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رانا آصف محمود نے دوہری شہریت لے رکھی ہے اور وہ آئین کے ارٹیکل c (1) 63 کے معیار پر پورا نہیں اترتے لہذا عدالت انکی اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کے احکامات صادر کرے۔ رانا آصف کے وکیل جمشید رحمت اللہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ رانا آصف کینیڈین قومیت رکھتے ہیں مگر کینیڈا کی شہریت نہیں رکھتے آئین کے مذکورہ آرٹیکل کے تحت صرف دوسرے ملک کی شہریت رکھنے والے افراد کو ہی اسمبلی کی رکنیت کیلئے نااہل قرار دیا گیا ہے قومیت اور شہریت دو الگ الگ چیزیں ہیں لہذا درخواست کو خارج کیا جائے۔ عدالت نے رانا آصف کو اپنا کیس ثابت کرنے کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت اٹھارہ جولائی تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاءکو حتمی بحث کے لئے طلب کر لیا۔