آئندہ انتخابات اتحادیوں کیساتھ مل کر لڑیں گے، چودھری شجاعت

آئندہ انتخابات اتحادیوں کیساتھ مل کر لڑیں گے، چودھری شجاعت

اسلام آباد( آئی این پی) مسلم لیگ(ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عوام مایوس نہ ہوں ،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں گی، وہ منگل کویہاں مسلم لیگ ہاﺅس میں اپنی اور سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر امتیاز احمد رانجھا کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب اوربعدازاں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ امتیاز رانجھا کی تعیناتی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے لئے اپنے ورکر اور کارکن اہم ہیں ،انہوں نے کہا کہ دوہری شہریت والوں کو مشروط اجازت ہونی چاہیے وہ الیکشن میں حصہ لیں مگر جب تک وہ اپنی دوہری شہریت ترک نہ کریں ان کے پاس حکومتی عہدہ نہیں ہونا چاہیے یہ معاملہ قائمہ کمیٹی کے سپرد ہے ہم اپنا نقطہ نظر کمیٹی میں پیش کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ عام انتخابات 2013ءمیں ہوں گے اور یہ اچھے موسم میں ہونے چاہئیں مسلم لیگ اپنے تمام اتحادیوں سے مل کر الیکشن لڑنے کی خواہش مند ہے ،پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریں گے ، چیف الیکشن کمشنرکا اتفاق رائے سے فیصلہ خوش آئند ہے۔ توہین عدالت کا معاملہ اب عدالت میں ہے ،نیٹو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ تمام اتحادی جماعتوں نے متفقہ طور پر کیا ۔یہ صرف پاکستان اور امریکہ کا معاملہ نہیں بلکہ 50سے زائد اسلامی ممالک بھی شا مل ہیں ۔

مزید : صفحہ آخر