لاہورہائیکورٹ نے رمضان المبارک کیلئے لوڈشیڈنگ کاشیڈول،وفاق سے تحریری جواب طلب کرلیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورہائیکورٹ نے پنجاب بھر میں رمضان کے دوران ہونیوالی لوڈشیڈنگ کا شیڈول اور وفاق سے تحریری جواب طلب کرلیا۔ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عمرعطاءبندیال نے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔دوران سماعت حکومت کی طرف سے بتایاگیاکہ رمضان المبارک میں سحری ، افطاری اور تراویح کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ۔درخواست گزار کاکہناتھاکہ حکومتی اعلان کے باوجود سحرو افطار میں لوڈشیڈنگ جاری ہے ۔ فاضل عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ مفاد عامہ کا کیس ہے ، معاملے کی تہہ تک جائیں گے ۔لاہورہائیکورٹ نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں سے لوڈشیڈنگ کا شیڈول اور وفاق سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کردی ۔