دنیا کی تاریخ کی 5 قیمتی ترین کاریں
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)ہم نے مہنگی فراری،بگیٹی اور مرسیڈیز گاڑیوں کے بارے میں سن تو بہت رکھا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کہ 5مہنگی ترین کاریں کون سی ہیں؟ دنیا میں سب سے مہنگی کار فراری 250جی ٹی او (Ferrari 250 GTO)ہے جس کی قیمت 5کروڑ 20لاکھ ڈالر(تقریباً5ارب 19کروڑ روپے) ہے۔ اس کے اب تک صرف39ماڈل تیار کیے گئے ہیں۔ اکثر لوگوں کا خیال ہے کہ اب تک جتنی فراری گاڑیاں بنائی گئی ہیں ان میں یہ سب سے بہترین ہے جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ فراری ہی نہیں،اب تک بنائی گئی تمام کاروں میں یہ سب سے بہتر ہے۔
دوسرے نمبر پر مرسیڈیز بینز ڈبلیو 196(Mercedes-Benz W196)ہے جس کی قیمت 3کروڑ ڈالر(تقریباً3ارب روپے) ہے۔یہ فارمولا1کار تھی جو 1954-55ء میں مرسیڈیز کمپنی نے بنائی تھی اور اس پر دنیا کے مایہ ناز ڈرائیورز نے ریس کے12میں سے9مقابلے جیتے تھے۔ تیسرے نمبر پر بگیٹی رائل کیلنر کوپ (Bugatti Royale Kellner Coupe) ہے جس کی قیمت 2کروڑ ڈالر(تقریباً 2ارب روپے) ہے۔ یہ ایک بہت بڑی لگژری کار تھی جو 1927ء سے 1933ء کے درمیان تیار کی گئی۔ اس کی لمبائی 21فٹ تھی جس کی وجہ سے یہ دنیا کی بڑی کاروں میں بھی شمار ہوتی ہے۔ یہ بنیادی طور پر اس وقت کے ارب پتی لوگوں کے لیے بنائی گئی تھی۔ اگرچہ اس حوالے سے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اس کے کتنے ماڈل تیار کیے گئے لیکن ریکارڈ میں اس کے محض 5ماڈل تیار کیے جانے کے ثبوت ملتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر فراری 250ٹیسٹا روسا (Ferrari 250 Testa Rossa) ہے ۔ اس کی قیمت 1کروڑ 80لاکھ ڈالر (تقریباً1ارب 80کروڑ روپے)یہ بھی ایک ریس کار تھی جو 1950سے 1960کے درمیان تیار کی گئی۔ اس کے صرف22ماڈل تیار کیے گئے، آج بھی اس کے چند ماڈل موجود ہیں۔ پانچویں نمبر پر فراری 250جی ٹی سپائیڈر کیلیفورنیا ایس ڈبلیو بی(Ferrari 250 GT Spyder California SWB)ہے جس کی قیمت 1کروڑ 60لاکھ ڈالر(تقریباً1ارب 60کروڑ ڈالر) ہے۔ اسی گاڑی کے صرف55ماڈل تیار کیے گئے۔ اپنے وقت میں اس کار کا انجن سب سے زیادہ طاقتور تھا جس کے باعث کارمحض 8.1سیکنڈ میں 97کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار پکڑ لیتی تھی۔ یہ گاڑی 1959ء میں تیار کی گئی تھی۔