وزیراعظم کسی دباؤ کے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں ‘غلام سرور ملک

وزیراعظم کسی دباؤ کے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں ‘غلام سرور ...

لاہور(پ ر)آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری اینڈ سمال ٹریڈرز کے چیئرمین غلام سرور ملک نے وزیراعظم میاں نواز شریف پر زور دیا ہے کہ وہ کسی دباؤ کے بغیر ملک کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں اور پاک چین اکنامک کاریڈور سمیت قومی اہمیت کے تمام منصوبے ہر قیمت پر مکمل کریں، امید ہے کہ حکومت بینکوں پر ٹرانزیکشن کا مسئلہ بھی افہام تفہیم سے حل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ ۔ تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام سرور ملک نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے موجودہ حکومت بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے جسے تاجر برادری بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے مگر افسوس کی بات ہے کہ کچھ عناصر اس ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انفراسٹرکچر بہتر کرنا، غیرملکی دباؤ سے باہر آنا، امن و امان کی صورتحال پر قابو پانا اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنا موجودہ حکومت کے بہترین کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا اور وہ غیرملکی سرمایہ کار ایک مرتبہ پھر یہاں کا رخ کریں گے جنہوں نے رْخ دیگر ممالک کی طرف کرلیا تھا۔ غلام سرور ملک نے حکومت پر زور دیا کہ وہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں پر جلد سے جلد کام مکمل کرے تاکہ ملک کو بجلی کے بحران سے چھٹکارا مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے جسے ہر قیمت پر مکمل کرنا ہوگا، جو لوگ اس کے خلاف باتیں کررہے ہیں وہ ملک کے خیر خواہ نہیں۔

غلام سرور ملک نے توقع ظاہر کی کہ حکومت بینکوں سے لین دین پر ٹیکس کا مسئلہ بھی خوش اسلوبی سے سلجھانے میں کامیاب ہوجائے گی۔

مزید : کامرس