جون کے دوران مجموعی طور پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں کمی کا رجحان
کراچی(اکنامک رپورٹر)گزشتہ مالی سال کے آخری ماہ جون کے دوران مجموعی طور پر پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں کمی کا رجحان رہا ،تاہم محض ڈیزل کی درآمد میں اضافہ دیکھا گیا۔وزار ت پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق مالی سال2014-15کے آخری ماہ جون کے دوران سب سے زیادہ کمی پٹرول کی درآمد میں دیکھی گئی جہاں 10فیصد کمی سے 2لاکھ86ہزار475ٹن پٹرول درآمد کیا گیا جبکہ مئی میں پٹرول کی درآمد 3لاکھ19ہزار ٹن کے قریب رہی تھی۔خام تیل کی درآمد جون میں8فیصدکمی سے 7لاکھ71ہزار ٹن کے قریب رہی جس میں سے ایک لاکھ36ہزار560ٹن خام تیل بائیکو ریفائنری کی سنگل پوائنٹ مورنگ پر درآمد کیا گیا جبکہ مئی کے دوران خام تیل کی درآمد8لاکھ36ہزار409ٹن رہی تھی،بجلی کی پیداوار میں استعمال ہونے والے فرنس آئل کی درآمد گزشتہ ماہ5فیصد کمی سے 4لاکھ83ہزار346ٹن رہی جبکہ مئی کے دوران 5لاکھ6ہزار701ٹن فرنس آئل درآمد کیا گیا تھا،گزشتہ ماہ طیاروں میں استعمال ہونے والا ایندھن جیٹ فیول درآمد نہیں کیا گیا جبکہ مئی میں بھی محض6296ٹن جیٹ فیول درآمد کیا گیا تھا۔جون میں ڈیزل کی درآمد9فیصد اضافے سے 3لاکھ84ہزار795ٹن رہی ۔
جبکہ مئی میں3لاکھ52ہزار881ٹن ڈیزل درآمد کیا گیا تھا،اسی طرح نیفتھا کی برآمد گزشتہ ماہ39فیصد اضافے سے ایک لاکھ2ہزار ٹن رہی جبکہ مئی کے دوران73ہزار ٹن سے زائد نیفتھا برآمد کیا گیا تھا۔