لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس‘وزیراعلیٰ پنجاب مسئلہ حل کرائیں: میاں نعمان کبیر

لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس‘وزیراعلیٰ پنجاب مسئلہ حل کرائیں: میاں نعمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (پ ر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کا معاملہ وفاقی حکومت کے سامنے اٹھانے پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر یہ مسئلہ حل کرائیں گے جس نے تاجروں کو بْری طرح پریشان کررکھا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی جانب سے بینکوں سے لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کے مسئلے پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ بات چیت کرنا اس کا واضح ثبوت ہے کہ شہباز شریف تاجروں کو معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی سمجھتے اور اسے درپیش مسائل حل کرانا چاہتے ہیں۔ میاں نعمان کبیر نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی شہباز شریف کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اگر انہوں نے بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس کا مسئلہ حل کرادیا تو پنجاب کے تاجر ہمیشہ اْن کے مشکور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے ستمبر تک ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کی ہے لیکن یہ قدم تسلی بخش نہیں، بینکوں سے لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس واپس ہونا چاہیے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے دیگر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ نعمان کبیر نے کہا حکومت کو یہ سمجھنا چاہیے کہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے جیسے غیر منطقی فیصلوں کے بہت بھیانک نتائج برآمد ہونگے کیونکہ اس کی وجہ سے بددل ہوکر تاجر بینکوں سے اپنا تمام سرمایہ نکال لیں گے جس کی وجہ سے بینکنگ سیکٹر دیوالیہ ہوجائے گا اور کاروباری لین دین کے لیے تاجر مجبوراً دیگر ذرائع استعمال کریں گے جو کسی طرح بھی معیشت کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے سے مقامی سرمایہ کار بد دل ہورہے ہیں ،اگر حکومت نے اپنا فیصلہ تبدیل نہ کیا تو غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی منفی پیغام جائے گا اور وہ ایسے ملک میں سرمایہ کاری سے گریز کریں گے جہاں تاجروں کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے مسلط کردئیے جاتے ہوں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف پر زور دیا کہ ذاتی دلچسپی لیکر تاجر برادری کو درپیش یہ مسئلہ جلد از جلد حل کرانے کے لیے کردار ادا کریں۔

مزید :

کامرس -