شہزادہ سعود الفیصل کا انتقال

شہزادہ سعود الفیصل کا انتقال

سعودی عرب کے سابق وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل 75برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ شاہ فیصل شہید کے بڑے صاحبزادے تھے اور 40برس تک اپنی مملکت کے وزیرخارجہ کے طور پر فرائض ادا کرتے رہے۔ اُنہیں دُنیا میں سب سے طویل عرصے تک وزیرخارجہ رہنے کا اعزاز حاصل ہوا۔مرحوم کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے، اور ایک امریکی ہسپتال میں زیر علاج۔ وزیراعظم نواز شریف اور پاکستان کی کئی ممتاز سیاسی اور حکومتی شخصیات نے اُن کی وفات پر اظہارِ غم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ بے شک انہوں نے اپنی ذہانت اور بصیرت سے اپنے مُلک ہی کی نہیں، عالم اسلام کی بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔ پاکستان کے ساتھ اُن کا گہرا دلی تعلق تھا، جواُن کو والد سے ورثے میں ملا تھا اور اس کی انہوں نے بخوبی حفاظت کی۔ ہمیشہ ایک سچے دوست کی طرح پاکستان کی حکومت کو اپنے مشوروں سے نوازا اور بین الاقوامی محاذ پر بھی پاکستان کی طاقت کا باعث بنے رہے۔ دو ماہ پیشتر شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اُنہیں سبکدوش ہونے کی اجازت دے دی تھی۔ خراب�ئ صحت کی بناء پر وہ اپنے فرائض ادا کر نہیں پا رہے تھے۔ اللہ تعالیٰ اُن کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے۔ سعودی عرب کے عوام اور شاہی خاندان کو بھی اُن کی کمی برسوں محسوس ہوگی۔

مزید : اداریہ