کرس راجرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں نصف سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا

کرس راجرز نے ٹیسٹ کرکٹ میں نصف سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا

کارڈف (اے پی پی) آسٹریلوی ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز کرس راجرز نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل اننگز میں زیادہ نصف سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کر دیا، راجرز نے انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں یہ اعزاز حاصل کیا، راجرز ٹیسٹ میچز کی مسلسل سات اننگز میں نصف سنچریاں بنانے والے پہلے اوپنر جبکہ یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں، اس سے قبل ویکس، فلاور، چندرپال اور کمار سنگاکارا کو مسلسل سات اننگز میں نصف سنچریاں بنانے کا عالمی اعزاز حاصل ہے۔ کارڈف میں انگلینڈ کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں کرس راجرز نے انتہائی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، وہ نصف سنچری بنا کر عالمی ریکارڈ برابر کرنے میں کامیاب رہے لیکن 5 رنز کے فرق سے کیریئر کی پانچویں سنچری مکمل کرنے سے محروم رہ گئے، 95 کے انفرادی سکور پر ووڈ نے ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی