آبادی میں تیز رفتار اضافہ روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،ذکیہ شاہ نواز

آبادی میں تیز رفتار اضافہ روکنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،ذکیہ شاہ نواز

لاہور(لیڈی رپورٹر)وزیر بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہ نواز نے کہا ہے کہ عالمی یوم آبادی کا مقصد بڑھتی ہوئی آبادی کے اقتصادی و سماجی صورتحال پر اثرات کو اجاگر کرنا ہے11جولائی کو عالمی یوم آبادی کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’ہنگامی حالات میں غیرمحفوظ آبادی‘‘ ہے جس کا مقصد خواتین اور بچوں کو ہنگامی حالات میں محفوظ رکھناہے۔صوبائی وزیرنے کہاکہ زندگی کے ہر شعبے میں خوشحالی سے ہمکنار ہونے کیلئے وسائل اور آبادی میں اضافے کی شرح میں نہایت مناسب تناسب کا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں آبادی میں اس تیزرفتار اضافے کو روکنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے ہوں گے۔بیگم ذکیہ شاہ نواز نے کہاکہ قیام پاکستان کے بعد آبادی میں 6گنا اضافہ ہوا ہے۔پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا ملک ہے۔ ہماری آبادی کا پانچواں حصہ غربت سے نیچے زندگی گزار رہا ہے اور ہر 20منٹ میں ایک عورت زچگی کی پیچیدگیوں کے باعث جاں بحق ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت پنجاب حکومت عوام کو بڑھتی ہوئی آبادی اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل سے مختلف فورمز پر آگاہی دے رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی کی وجوہات میں نقل مکانی، ناخواندگی، خاندان کی تعداد محدود رکھنے، جلد و زیادہ بچے پیدا کرنا تاکہ زیادہ افراد کما سکیں اور لڑکے کی خواہش سرفہرست ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پنجاب کے تمام اضلاع میں یوم بہبود آبادی کے حوالے سے ’’ہنگامی حالات میں غیرمحفوظ آبادی‘‘ کے موضوع پر سیمینارز منعقد کروائے گئے ہیں۔ بڑھتی ہوئی آبادی کی آگاہی کے حوالے سے بینرز اور پوسٹرز لگوائے گئے ہیں۔ تمام ٹی وی چینلز پر اشتہارات چلائے جا رہے ہیں۔پنجاب کے 9اضلاع میں مضمون نویسی اور پوسٹر ڈیزائننگ کے مقابلے کروائے گئے ہیں ان تمام اضلاع میں جیتنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1