اسلام بے گناہ انسانیت کے قتل کی ہر گز اجازت نہیں دیتا،طاہر محمود اشرفی

اسلام بے گناہ انسانیت کے قتل کی ہر گز اجازت نہیں دیتا،طاہر محمود اشرفی

لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وفاق المساجد پاکستان( رجسٹرڈ )سے متصل 76ہزار چار سو سے زائد مساجد میں ’’اسلام کا پیغام امن و سلامتی ‘‘ کے موضوع پر جمعہ کے خطبات دئیے گئے ۔ علماء ، خطباء،آئمہ نے جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کا دہشتگردی ،انتہا پسندی اور فرقہ واریت سے کوئی تعلق نہیں اسلام امن و سلامتی کا دین ہے عالم اسلام کی مذہبی قیادت کوچاہئے کہ وہ اسلام کا حقیقی پیغام دنیا کے سامنے واضح کریں ۔اسلام بے گناہ ا نسا نیت کے قتل کی ہر گز اجازت نہیں دیتا جو گروہ اسلام کے نام پر انسانیت کا خون بہاتے ہیں ان کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ) کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد المصطفیٰ جوہر ٹاؤن میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہادہشتگردی ،انتہاپسندی اور عدم تشدد کے رویوں کے خاتمے سے ہی دنیا کا امن بحال ہوسکتاہے۔امت مسلمہ قرآن وسنت سے اپنا تعلق مضبوط کرے۔علماء،مفکرین اور دانشوروں کو امت مسلمہ کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار اداکرنا چاہئے قرآن و سنت کی تعلیمات سے دوری کی وجہ سے امت مسلمہ مسائل کا شکار ہے پُر امن معاشرے کے قیام کیلئے منبر ومحراب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بیت المقدس کی آزادی اور ارض حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے پاکستان علماء کونسل کی اپیل پرآئندہ جمعہ 17جولائی کو ملک بھر میں ’’یوم تحفظ قبلتین ‘‘منایا جائے گاجس میں عوام الناس کو عالم اسلام کے مسائل اور ارض حرمین الشریفین کو لاحق ہونے والے خطرات سے آگاہ کیا جائے گا۔مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اسلام کے تصور جہاد کو مسخ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1