ڈاکٹر زبیر خان کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے،پی ایم اے
لاہور( جنرل رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر زبیر خان کے بہیمانہ قتل کی شفاف اور غیر جانبدار تفتیش کر کے مجرموں کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ انتہائی دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ پی ایم ڈی سی کے موجودہ صدر پروفیسر مسعود حمید ایف آئی آر میں نامزد ہیں، انہیں اخلاقی طور پر تمام عہدوں سے فوری استعفےٰ دینا چاہیے۔ یہ مطالبہ پی ایم اے پنجاب کے عہدیداروں کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ عہدیداران نے مزید کہا کہ پی ایم اے ہمیشہ پی ایم ڈی سی کے معاملات میں مالی بدعنوانی اور بدنظمی پر اپنی آواز بلند کرتی آئی ہے لیکن انتہائی تکلیف دہ امر ہے کہ پی ایم ڈی سی کے موجودہ صدر اور ان کے کارندوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج ہوا ہے جو ملک کی بدنامی کا باعث ہے۔ عہدیداران نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ قواعدوضوابط کے مطابق پی ایم ڈی سی کی تشکیل نو کا مطالبہ کیا ہے لیکن حکمرانوں کو کسی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔