بھارت کا خود مذاکرات کی میز پر آنا وزیر اعظم کی کامیابی ہے،عمران دولتانہ

بھارت کا خود مذاکرات کی میز پر آنا وزیر اعظم کی کامیابی ہے،عمران دولتانہ

لاہور( جنرل رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما میاں عمران دولتانہ نے کہا ہے کہ بھارت کا خود مذاکرات کی میز تک آنا وزیر اعظم میاں نواز شریف کی انتہائی اہم کامیابی ہے کیونکہ دو طرفہ تمام حل طلب امو رکو بات چیت کے ذریعے حل کرنے میں ہی دونوں ملکوں کا مفاد ہے ۔ میاں عمران دولتانہ نے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کل تک دھمکی آمیز لہجے میں بات کرنے والے بھارتی وزیر اعظم کی خود ملاقات کی خواہش نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان نے سفارتی محاذ پر کامیاب پیش رفت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے ہمیشہ قومی مفادات کے تحفظ اورملکی سا لمیت کو یقینی بنایا ہے اور بھارت سے برابری کی سطح پر بات چیت کی ہے بالخصوص میاں نواز شریف کے روس میں بھارتی وزیر اعظم سے مذاکرات سے پاکستان کا اقوام عالم میں مقام بلند ہوا ہے ۔ میاں عمران دولتانہ نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو ان مذاکرات کا خیر مقدم کرنا چاہیے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1