رمضان کے پہلے دو عشروں میں 4713منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا

رمضان کے پہلے دو عشروں میں 4713منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا

لاہور( جنرل رپورٹر)کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲخان سنبل کی ہدایات کے تحت رمضان المبارک میں عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو اعتدال میں اور حکومتی نرخوں کے مطابق رکھنے کے لیے پہلے دو عشروں کے دوران لاہور ڈویژن کے چاروں اضلاع میں4,713 ناجائز منافع خوروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ اٹھاون لاکھ نو ہزار ایک سو تین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان کمشنر لاہور ڈویژن کے مطابق رمضان بازاروں کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹوں میں قیمتوں کے حوالے سے خصوصی چھاپے مارے گئے ہیں اور پوری کوشش کی گئی ہے کہ عام مارکیٹوں میں بھی حکومتی نرخوں کے مطابق اشیائے ضروریہ مہیا ہوں اور اس میں انتظامیہ بڑی حد تک کامیاب رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق رمضان بازاروں میں چینی باون روپے فی کلوگرام کی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔ رمضان المبارک کے پہلے بیس دنوں میں تقریبا 25 لاکھ کلوگرام چینی رمضان بازاروں سے خریدی گئی جبکہ آٹے کے 4 لاکھ 51 ہزار نو سو انتیس بیگ فروخت ہوئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1