پنجاب یونیورسٹی کا بین الاقوامی سطح تک پہنچنالائق تحسین ہے ،ڈاکٹر قدیر
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) نامور ایٹمی سائنسدان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان، چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، سینئر صحافیوں مجیب الرحمن شامی، عارف نظامی، عطا ء الرحمن اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن حاصل کرنے پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران کو مبارکباد دی ہے۔ اپنے پیغام میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کا بین الاقوامی سطح پر 8 فیصد تعلیمی و تحقیقی اداروں میں شامل ہونا ، جنوبی ایشیاء میں پندرھویں اور پاکستان میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ایک حیران کن کامیابی ہے جس پر ڈاکٹر مجاہد کامران مبارکباد کے مستحق ہیں۔ چئیرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ یہ اچھی خبر ہے جس کا سہرا ڈاکٹر مجاہد کامران کو جاتا ہے اور ہمیں ان کی قیادت پر فخر ہے۔ سینئر صحافیوں مجیب الرحمن شامی، عارف نظامی اور عطاالرحمن نے اسے بڑی خبر قرار دیا ہے اور ڈاکٹر مجاہد کامران کو مبارکباد دی ہے۔