بجلی کا واحد حل کالاباغ ڈیم ہے جس کا اسی سال فیصلہ ہو جائیگا،شجاعت حسین

بجلی کا واحد حل کالاباغ ڈیم ہے جس کا اسی سال فیصلہ ہو جائیگا،شجاعت حسین

لاہور(پ ر) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مسئلہ کا واحد حل کالاباغ ڈیم کی تعمیر ہے جس کا اسی سال فیصلہ ہو جائے گا، ن لیگ ناکام ہو چکی ہے، چودھری پرویزالٰہی کی قائم کردہ ریسکیو 1122کیلئے بھیک مانگنے والے اب ہسپتال بھی ٹھیکے پر دے رہے ہیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے مسلم لیگوں سمیت تمام اپوزیشن کا اتحاد ضروری ہے۔ وہ یہاں میڈیا کے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے نوازشریف مودی ملاقات کے حوالے سے کہا کہ بھارتی وزیراعظم ذہنی طور پر مسلمانوں کیخلاف ہیں، انہیں مبارکاں دینے والوں کو اسی وقت کہہ دیا تھا کہ پہلے مودی کا موڈ دیکھ لو۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ فوج کی نیت ٹھیک ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف اپنی مقبولیت سے ہٹ کر پاکستان بارے سوچتے ہیں، کراچی میں سیاسی مصلحتوں کے باعث اب تک اپریشن نہیں ہو سکا تھا، کراچی اپریشن اپنے منطقی انجام تک پہنچے گا، ضرب عضب سے دہشت گردی کم ہوئی ہے، اپریشن میں تاخیر سے ہلاکتوں کے ذمہ دار جنرل کیانی ہیں جن کو اپنی ٹرم میں توسیع کی فکر تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور فوج اگر ایک پیج پر ہیں تو کتابیں جدا ہیں، پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ باضابطہ طور پر اقوام متحدہ میں بھی اٹھانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے خلاف 2013ء میں دھاندلی کے باوجود وہ چوتھی بڑی جماعت تھی اور اس نے تمام تر مشکلات کے باوجود پچھلے دو سال میں اپنی عددی طاقت سے بڑھ کر اپوزیشن کی ہے۔

مزید : صفحہ آخر