سراج الحق کا شہزادہ سعود الفیصل کے انتقال پرافسوس کا اظہار مغفرت اور بلندی درجات کی دعا

سراج الحق کا شہزادہ سعود الفیصل کے انتقال پرافسوس کا اظہار مغفرت اور بلندی ...

لاہور( نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیاہے ۔ سعودی عرب سے اپنے تعزیتی پیغام میں سراج الحق نے کہاکہ شہزادہ سعودالفیصل نے طویل عرصہ تک مسلم امت کے مسائل کے حل کرنے میں جدوجہد کی ہے اور کئی مواقع پر اپنے والد شاہ فیصل مرحوم کی یاددلوں میں تازہ کی ۔ انہوں نے کہاکہ شہزادہ سعود الفیصل نے مختلف مسلمان ممالک کے مابین پیدا ہونے والی غلط فہمیوں کی آگ بجھانے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کیا ۔ پاکستان کے تمام قومی مفادات و مسائل بالخصوص مسئلہ کشمیر اور اس کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے ان کا موقف ہمیشہ واضح اوردوٹوک رہا ۔ طویل عرصے سے بیماری کے باوجود انہو ں نے سعودی عرب کی خارجہ پالیسی میں فعال کردار ادا کیا ۔ ان کے لیے یہ اعزاز کافی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے 23 رمضان المبارک کی مبارک شب میں انہیں اپنے پاس بلا لیا ۔ اللہ تعالیٰ ان کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور تمام خطاؤں سے درگزر فرمائے اور انہیں جوار رحمت میں جگہ دے ۔ جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ ، نائب امراء پروفیسر خورشید احمد، حافظ محمد ادریس ، میاں محمد اسلم ، اسد اللہ بھٹو ، راشد نسیم ، ڈپٹی سیکرٹر یز جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، محمد اصغر ، حافظ ساجد انور اور سید وقاص جعفری نے بھی اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں شہزادہ سعود الفیصل کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کی دعاکی ہے ۔

افسوس

مزید : صفحہ آخر