کراچی اقتصادی شہ رگ ہے یہاں امن ناگزیر ہے،لیاقت بلوچ

کراچی اقتصادی شہ رگ ہے یہاں امن ناگزیر ہے،لیاقت بلوچ

لاہور( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک کی سلامتی پر دشمن حملہ آور ہیں حکومت پر کرپٹ اشرافیہ قابض ہے ۔احتساب سے کوئی بالا تر نہیں ہو نا چاہیئے خواہ وہ جج ہوں ،جنرل ہوں ،یا سیاست دان ہوں یا بیورو کریٹ ہوں ،سب کو بلا امتیاز احتساب کے دائرے میں لا یا جائے ۔کراچی منی پاکستا ن ہے اقتصادی شہ رگ ہے یہاں امن ناگزیر ہے ۔صوبائی حکومت نے بعد از خرابی بسیار رینجرز کے اختیارات کی مدت میں توسیع کی ہے ،ضرو رت اس بات کی ہے مجرموں کے خلاف بلاامتیاز کاروائی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اختر کا لونی میں جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت دعوتِ افطار سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس امت کی نجات اور مسائل کا حل صرف اس میں ہے کہ قرآن سے جڑ جائیں اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے پکڑیں اور اللہ کے رسول کی فرمابرداری کر نے والے بن جائیں ۔مسائل کا حل اللہ کے دین کے غلبے اور قرآن و سنت کے احکامات کے نفاذ میں ہے ۔قرآن ایک درسِ انقلاب کی کتاب ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین کہتا ہے کہ ہمارا کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہیں ہو نا چاہیے لیکن آج ہمارے معاشرے میں، ہمارے ریاستی و حکومتی نظام میں ،ہمارے اداروں میں اللہ کے احکامات کی پامالی کی جارہی ہے ۔اور اللہ سے بغاوت کا طرزِ عمل اختیار کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی پر دشمن حملہ آور ہیں حکومت پر کرپٹ اشرافیہ قابض ہے ۔نیب سپریم کورٹ میں کرپٹ لو گوں کی فہرست پیش کر تی ہے تو اس کے خلاف پریس کانفرنسیں کی جاتی ہیں ۔

لیاقت بلوچ

مزید : صفحہ آخر