شہریوں کارمضان بازاروں کے انتظامات اور کارکردگی پر اطمینان

شہریوں کارمضان بازاروں کے انتظامات اور کارکردگی پر اطمینان

لاہور( جنرل رپورٹرر) شہریوں نے رمضان المبارک میں سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے قائم کردہ 314 رمضان بازاروں کے انتظامات اور کارکردگی پر اظہار اطمینان کر دیا ۔مختلف رمضان بازاروں کے دورے کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ عوام یہاں کئے جانے والے انتظامات اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی سے مطمئن ہیں اور سمجھتے ہیں کہ یہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزراء اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز ان رمضان بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کر کے یہاں فروخت کی جانے والی اشیاء کی کوالٹی ،سکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہیں۔مزید براں اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے صوبے میں 1525پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بھی تعینات ہیں۔ وزیر اعلی کی خصوصی ہدایت پر حکومت اور مخیر حضرات کے تعاون سے قائم کردہ 1783مدنی دستر خوان بھی اس ضمن میں ایک اور خصوصی کاوش ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہو رہے ہیں ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ایسے دستر خوان صرف پنجاب میں قائم ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے ہیں ۔شہریوں نے ایسے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرے صوبوں کوبھی ان اقدامات کی تقلید کرنے کی ضرورت ہے ۔

مزید : صفحہ آخر