اختیارات کے غلط استعمال پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسروں کی تنزلیاں

اختیارات کے غلط استعمال پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسروں کی تنزلیاں

لاہور(خبرنگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل احد خاں چیمہ نے سرکاری حیثیت کا غیر قانونی استعمال کر کے بدنیتی سے ایل ڈی اے ایونیو ون کے بعض پلاٹوں کی جگہ تبدیل کرنے اور من پسند افراد کو فائدہ پہنچانے کا الزام ثابت ہونے پر جی آئی ایس سپیشلسٹ عار ف پرویز کا کنٹریکٹ منسوخ کر دیا ہے ‘ اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان اقبال کو ملازمت سے برطرف کر دیا ہے اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ سلمان رضا کی تنزلی کر کے انہیں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بنا دیا ہے جبکہ ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایل ڈی اے ایونیو ون کے طور پر خد مات انجام دینے والے پی سی ایس افسر ندیم عباس بھنگو کی خدمات پہلے ہی محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کو واپس کر کے ان کے خلاف پیڈا ایکٹ 2006ء کے تحت انضباطی کارروائی کی سفارش کی جا چکی ہے۔ یہ کارروائی ایڈیشنل ڈا ئریکٹر جنرل ہاؤسنگ عمارہ خان اورایڈیشنل ڈا ئریکٹر جنرل (ہیڈکوارٹرز) ایل ڈی اے آمنہ منیر کی طرف سے مذکورہ افسروں کے بارے میں حقائق جاننے کے لئے کی جانے والی انکوائری میں ان کے خلاف الزامات سامنے آنے پر کی گئی ہے۔ان کے خلاف ایل ڈی اے ایونیو ون ہاؤسنگ سکیم کے بعض پلاٹوں کی جگہ تبدیل کرکے چند لوگوں کو فائدہ پہنچانے ‘اپنے ڈائریکٹوریٹ کے معاملات کی مؤثر نگرانی کرنے میں ناکامی اور پراپرٹی ڈیلروں کے ساتھ غیر ضروری رابطے رکھنے اور دیگر بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ادارے پر شہریوں کااعتماد برقرار رکھنے اور ان کی قیمتی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں‘ بے ضابطگیوں میں ملوث کسی بھی افسر یا اہلکارسے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور اس کے خلاف سخت سے سخت ترین انضباطی کارروائی کی جائے گی ۔

مزید : صفحہ آخر