سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں،شجاع خانزادہ

سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں،شجاع ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر)شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لئے تمام اقدامات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت عملی اور مربوط فلڈ پلان کی بدولت سیلاب آنے کی صورت میں ریسکو اینڈ ریلیف کی سرگرمیوں کو نتیجہ خیز بنایا جا سکتا ہے۔ ضلعی انتظامیہ‘ محکمہ انہار اور دیگر تمام متعلقہ محکمے آپس میں رابطہ رکھیں اور حفاظتی بندوں کو مزیدمضبوط بنانے کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے یہ با ت ضلع جھنگ کے دورہ کے دوران تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پرمنعقدہ بریفنگ کے بعد کوٹ خیرا اور تحصیل اٹھارہ ہزاری و دیگر حفاظتی بندوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر) نسیم نواز،ڈائریکٹر جنرل پنجاب ڈیزاسٹر منجمنٹ اتھارٹی احمد جاوید قاضی،ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ، محکمہ آبپاشی‘ صحت ،لائیو سٹاک و دیگر محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر داخلہ نے حفاظتی بندوں کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ کسی بھی حصے میں تجاوزات نظر نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے صوبہ بھر کے سیلابی اضلاع میں ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو چیک کرنے کیلئے صوبائی وزراء کو ذمہ داریاں تفویض کی ہیں تاکہ ضروری انتظامات کو قبل از وقت مکمل کر کے کسی بھی انتظامی وحفاظتی خامی کو بروقت دورکیا جاسکے۔ صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو تریموں ہیڈ ورکس کے مقام پر ضلعی انتظامیہ اور اریگیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی

مزید :

صفحہ آخر -