پنجاب حکومت کا ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کرنے کا فیصلہ ،شہباز شریف نے منظوری دے دی

پنجاب حکومت کا ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کرنے کا فیصلہ ،شہباز شریف نے منظوری دے ...

 لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت نے معیار کے حوالے سے ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اس ضمن میں ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کی تجویز کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت کھانے کے معیار، حفاظتی انتظامات، صفائی، پانی کی کوالٹی اوردیگر ضروری انتظامات کے اعتبار سے ریسٹورنٹس کی 4درجہ بندیاں کی جائیں گی اور ریسٹورنٹس کے باہر درجہ بندی کے سٹیکر لگائے جائیں گے۔سہولتوں اور کھانوں کے اعلیٰ معیار پر پورا اترنے والے ریسٹورنٹس کو گریڈ اے اور بی دیا جائے گا۔ریسٹورنٹ انتظامیہ درجہ بندی کا سٹیکر مین دروازے پر نمایاں طور پر آویزاں کرنے کی پابند ہوگی۔ریسٹورنٹس کی درجہ بندی کا سٹیکر آویزاں ہونے سے لوگوں کوسہولتوں اور کھانوں کے معیار کے مطابق ریسٹورنٹ کے انتخاب میں آسانی ہوگی اور عوام ریسٹورنٹس کی کوالٹی اور کھانوں کے معیار کے بارے میں واضح طور پر جان سکیں گے۔سینئر ممبر سپیشل مانیٹرنگ یونٹ، وزیراعلیٰ آفس سلمان صوفی نے ریسٹورنٹس کے معیار کے حوالے سے درجہ بندی پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یوم شہادت حضرت علی کرم اﷲ وجہہ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن وامان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے صوبہ بھر میں سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے اورپولیس حکام و قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جانفشانی سے فرائض سر انجام دئیے اور یہی وجہ ہے کہ پولیس کے بہترین انتظامات کے باعث یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ خیر و عافیت سے گزرا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بہترین سکیورٹی انتظامات پر میں پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کومبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نماز جمعہ کے موقع پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں اورمساجد اور امام بارگاہوں کی حفاظت کیلئے پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت کا طرہ امتیاز ہے اور حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ تکمیل کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے ہیں۔ لاہور سمیت بڑے شہروں میں انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ موجودہ حکومت نے شفافیت اور معیارکے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کی برق رفتاری سے تکمیل کا کلچر متعارف کرایاہے اوراس ضمن میں تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی لازم قراردیا گیا ہے جس سے منصوبوں پر عملدر آمد میں شفافیت کو فروغ ملا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ٹرانسپورٹ کی جدید سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں میٹروبس پراجیکٹ کی شاندار کامیابی کے بعد جڑواں شہروں میں بھی پاکستان میٹروبس پراجیکٹ کوعوام نے بہت سراہا ہے اور پاکستان میٹروبسوں پر روزانہ1 لاکھ 40ہزار سے زائد مسافر سفر کررہے ہیں، بلاشبہ میٹروبس پراجیکٹس نے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں ایک نیااور منفرد کلچر متعارف کرایا ہے اور میٹرو بس پراجیکٹس سے لاکھوں افراد روزانہ معیاری، آرام دہ اور باکفایت سفری سہولتوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملتان میں بھی میٹروبس پراجیکٹ پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے اوراس منصوبے کو بھی تیزرفتاری اوراعلی معیار کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔یہی وجہ ہے کہ لاہور کے شہریوں کی سہولت کیلئے انفراسٹرکچر کے کئی منصوبے تیزرفتاری سے مکمل کیے گئے ہیں اوراس ضمن میں جیل روڈ سگنل فری منصوبہ بھی اہمیت کا حامل ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئے گی اور قیمتی وقت بچے گا۔ انہوں نے کہا کہ سگنل فری منصوبے کے تحت انڈر پاسز، اوورہیڈ برجز اور یو ٹرنز بھی بنائے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے اوران کا قیمتی وقت بچ سکے۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس منصوبے کو بھی تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے اور منصوبے پر عملدر آمد کے دوران عوام کی سہولت کے لئے ٹریفک کے متبادل روٹس بنائے جائیں اوران کی مناسب تشہیر بھی کی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشنبیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور کمیشن دیار غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے متحرک اورفعال انداز میں کام کرے۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردارادا کررہے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں نے محنت سے ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے خود مختار کمیشن تشکیل دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک بسنے والوں کی خو ن پسینے کی کمائی کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔ اوورسیزپاکستانیوں کی شکایات کے ازالے میں تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کمیشن کو اوورسیز پاکستانیوں کی تواقعات پر پورا اترنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ ادارے کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اوورسیزپاکستانیز کمیشن اپنے امور کی انجام دہی میں جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرے۔

مزید : صفحہ اول