تعلیمی اداروں میں اساتذہ طلباء سے کالعدم جماعتوں کے لیے کام لے رہے ہیں : حساس اداروں کا انکشاف
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) حساس اداروں کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی شہر میں یونیورسٹیاں اور کالجز طلباء کا ذہن تبدیل کر کے انہیں کالعدم تنظیموں میں شمولیت اور ان کے لیے کام کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اداروں کی جانب سے رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں کالعدم تنظیموں کے مربوط نیٹ ورک چلانے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں مزید ذکر کیا گیا ہے کہ یہ اساتذہ اور ان کے طلباء کالعدم تنظیموں کے لیے کام کرتے ہیں اور یہ تعلیمی اداروں میں آنے والے طلباء کے ذہن تبدیل کر کے اپنے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دیتے ہیں ۔ حساس اداروں کی جانب سے اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث اساتذہ اور طلباء کی فہرست تیار کر لی گئی ہے اور اب ان کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے ۔ حساس اداروں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نگرانی مکمل ہونے پر ان اساتذہ اور طلباء کے خلاف آپریشن کیا جائے گا اور انہیں قانون کے کٹہرے میں بھی لایا جائے گا۔