پاکستان قومی زبان تحریک کا سرکاری دفاترمیں اردو کے استعمال سے متعلق انتظامی حکم کا خیر مقدم
لاہور(پ ر ) پاکستان قومی زبان تحریک نے وزیراعظم کی جانب سے سرکاری دفاترمیں اردو کے استعمال سے متعلق انتظامی حکم کا خیر مقدم کیاہے اور مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم آئین کی دفعہ 251پر بھی فوری عملدرآمد کا اعلان کریں جس کے تحت اردو کو سرکاری،دفتری ، عدالتی اورتعلیمی زبان قراردیا جائے۔ قومی زبان تحریک کے صدر ڈاکٹر شریف نظامی چیف کوآرڈینیٹر ملک محمدطفیل اور شعبہ تعلیم و تدریس کے سربراہ پروفیسر رضوان الحق نے ایک بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے نفاذاردو کیس میں وفاق کا بیان خوش آئند ہے کہ وفاقی ادارے تین ماہ کے اندر اندر اپنی ویب سائٹس اردومیں منتقل کردیں اورصدر اور وزیراعظم ملک کے اندر اورباہر اپنی تقاریراردومیں کیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس حکم پر فوری عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔ ملک کی عدالت عظمیٰ نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی ادارے اپنی پالیسیاں،قوانین،دستاویزات اورفارم اردومیں منتقل کریں، ان رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے کا اعلان کرے اور مقابلے کے تمام امتحانات اردومیں لینے کا حکم جاری کرے۔