بندوق کی نوک پر زرداری یا نواز شریف کیساتھ ڈنر کا کہا جائے تو رائیونڈ جانے کو ترجیح دونگا،پرویز مشرف

بندوق کی نوک پر زرداری یا نواز شریف کیساتھ ڈنر کا کہا جائے تو رائیونڈ جانے کو ...

 کراچی (آئی این پی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو اور نواز شریف کو سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کے کہنے پر واپس آنے دیا تھا، انتقامی سیاست کا قائل نہیں ہوں،3سال تک 17لوگوں کے ساتھ حکومت چلائی، نواز شریف کیس میں جس کسی کی بھی والدہ نے درخواست کی تو اسے رہا کر دیا، فوج میں ایس ایس جی کی وجہ سے کامیاب ہوں،کوئی میری کن پٹی پر پستول رکھ کر کہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری میں سے کسی ایک کے ساتھ ڈنر کرو تو میں نواز شریف کے ساتھ کروں گا اور رائیونڈ چلا جاؤں گا،کتے ہمیشہ مجھے بہت پسند رہے ہیں، یہ سب سے زیادہ وفادار جانور ہے،میرے چھوٹے کتے کا نام پاشا ہے۔ وہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو معاہدے کی خلاف ورزی کر کے پاکستان آئی تھیں پھر شہزادہ عبداللہ نے کہا کہ نواز شریف کو بھی واپس آنے دیں، پھر ان کی درخواست پر انہیں بھی آنے دیا جبکہ ہم نے سعودی فرمانروا کی درخواست پر انہیں دس سال کیلئے چھوڑا تھا، کبھی خواہش نہیں تھی کہ نواز شریف کو پھانسی دی جائے ، نواز شریف کی والدہ نے مجھے خط لکھا تھا کہ انہیں باہرجانے دیں جس پر انہیں سعودی عرب جانے کی اجازت دی ۔انہوں نے کہاکہ میں انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتا، نواز شریف کیس میں مجھے جس کسی کی والدہ نے بھی درخواست کی اسے رہا کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شوکت عزیز نے مجھے آئی ایم ایف کو غلط اعداد و شمار جاری رکھنے کا مشورہ دیا، میں نے فیصلہ کیا کہ سچ بتائیں گے، انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر طارق محمود نے مجھے ایس ایس جی جوائن کرنے کا کہا اور میں فوج میں کامیاب ایس ایس جی کی وجہ سے ہوں، آرمی چیف غدار نہیں ہو سکتا، غداری کے الزامات پر ہنسی بھی آتی ہے اور غصہ بھی آتا ہے، جس کے گھر کھانا کھانے جاؤ، اس کی عزت ہونی چاہیے، سابق صدر نے کہا کہ اگر کوئی میری کن پٹی پر پستول رکھ کر کہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری میں سے کسی ایک کے ساتھ ڈنر کرو تو میں نواز شریف کے ساتھ کروں گا اور رائیونڈ چلا جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ 2002میں میں نے غلط فیصلہ کیا تھا مجھے دو سال بعد نہیں پانچ سال بعد الیکشن کرانا چاہیے تھا کیونکہ دو سال کے بعد الیکشن کرانے کی وجہ سے تین سال تک صرف 17لوگوں کے ساتھ حکومت کرنا پڑی۔پرویز مشرف نے کہا کہ مجھے پاکستان کو ٹھیک کرنے کیلئے پانچ سال اور مانگنے چاہیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کتے ہمیشہ مجھے بہت پسند رہے ہیں، کیوں کہ یہ سب سے زیادہ وفادار جانور ہے، کتا ہمیں اچھی نسل کا ہونا چاہیے، میرے چھوٹے کتے کا نام پاشا ہے۔

مزید : صفحہ اول