پی ٹی آئی کی نئی آرگنائزر کمیٹیوں میں سابق عہدیدار شامل

پی ٹی آئی کی نئی آرگنائزر کمیٹیوں میں سابق عہدیدار شامل

لاہور( شہزاد ملک ) چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی کی تنظیم کو تحلیل کرنے کے بعد آرگنائزر یا پھر کسی اور شکل میں انہی سابق عہدیداروں کو دوبارہ اہم عہدو ں پر سامنے لانے پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے اندر مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی تنظیم میں نئے چہرے دیکھنے کے خواہش مند کارکنوں کو اس بات پر مایوسی ہوئی ہے کہ چیرمین عمران خان نے اگر انہی سابق عہدیداروں کو دوبارہ کسی نہ کسی شکل میں آگے لانا تھا تو پھر پارٹی الیکشن کے نتیجے میں وجود میں آنے والی پہلے سے موجود تنظیم کو تحلیل کرنے کی کیا ضرورت تھی ۔ واضح رہے کہ اس وقت پی ٹی آئی کی تنظیم کو تحلیل کرنے کے بعد چیرمین کی طرف سے آرگنائزر یا پھر مختلف نئے عہدے سامنے آنے پر پی ٹی آئی کے کارکنان سخت مایوسی کا شکار ہیں جبکہ جس دھڑے کے لوگوں کو آرگنائزر کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا ہے وہ در پڑدہ اپنے تحفظات کا اظہار بھی کررہے ہیں اور یہ کہہ رہے ہیں کہ نئی آرگنائزر کمیٹیوں میں بھی وہی ارکان شامل ہیں جو پہلے تنظیم میں شامل تھے اس طرح سے پارٹی کے اندر تبدیلی کس طرح سے آئے گی ۔ پی ٹی آئی کے ذرائع نے ’’ پاکستان‘‘ کو بتایا ہے کہ کارکنوں کا یہ کہنا ہے کہ وہ اس بات کی امید کررہے تھے کہ اس عبوری سیٹ اپ میں نئے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگے آنے کا موقع فراہم کیا جائے گا اور انہیں بھی کام کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ بھی چیرمین کی ٹیم کا حصہ بن کر اپنا کردار ادا کر سکیں لیکن انہیں اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب نئے سیٹ اپ میں بھی پرانے لوگوں کو ہی ایک نئے عہدوں کی شکل میں آگے آنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور آنے والے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے بھی وہی لوگ امیدواروں کے ناموں کو اپنے اپنے طور پر حتمی شکل دے رہے ہیں ۔

مزید : صفحہ اول