مذاکرات کامیاب ،پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی
لاہور(وقائع نگار )حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے۔ ملک بھر میں آٹے کی سپلائی معمول کے مطابق ہو گی اور رمضان بازاروں میں آٹے کی سپلائی بھی جاری رہے گی۔ اس امر کا اعلان پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمداور صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پر صدر سندھ فلور ملز ایسوسی ایشن میاں حسن‘ صدر پنجاب فلورملز ایسوسی ایشن میاں انجم اسحق اور دیگر عہدیدار لیاقت علی خان اور میاں ریاض کے علاوہ سیکرٹری خوراک ڈاکٹر پرویز احمد اور ڈائریکٹر فوڈ بھی موجود تھے۔پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن کے صدر عاصم رضا احمد نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے فلورملز کے موقف کو وزیراعظم پاکستان اور وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈار تک پہنچایا اور حکومت کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چوکر پر جی ایس ٹی ختم کر دیا جائے گا۔صوبائی وزیرخوراک بلال یٰسین نے کہا کہ ہم فلورملز ایسوسی ایشن کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہڑتال کی کال واپس لی۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کررہی اوررمضان المبارک میں چینی‘ آٹا سمیت اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔