چین اور پاکستان پر پابندیوں کی قرارداد ویٹو کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا،حافظ سعید

چین اور پاکستان پر پابندیوں کی قرارداد ویٹو کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(آن لائن)امیرجماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان پر پابندیوں کی قرارداد ویٹو کر کے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ ممبئی حملوں اور ذکی الرحمن لکھوی سے متعلق ہندوستان آج تک کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا ۔ حکومت محض بھارت سے دوستی کی خاطر کسی قسم کی مصلحت پسندی سے کام نہ لے۔ کشمیر، برما اور فلسطین سمیت ہر جگہ مسلمان ظلم و ستم کا شکار ہیں۔ رمضان المبارک میں ہر شخص اپنا محاسبہ کرے۔سود ختم اور قرآن و سنت کے مطابق زندگیاں گزارنے کا عہد کیاجائے۔ شریعت پر عمل کرنے سے ہی ملک و معاشرے اسلامی بنیں گے۔ وہ جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دس ہزار سے زائد مردوخواتین نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔خطبہ جمعہ کے دوران جامع القادسیہ میں تل دھرنے کو جگہ نہ تھی۔ حافظ محمد سعید نے نماز جمعہ کی دوسری رکعت میں قنوت نازلہ کے دوران کشمیر، برما، فلسطین اور دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کیلئے دعائیں کیں تو ہزاروں شرکاء آبدیدہ ہو گئے ۔ امیر جماعۃالدعوۃ نے اپنے خطاب میں کہاکہ رمضان المبارک کا آخری عشرہ تیزی سے گزر رہا ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اس ماہ مبارک میں رحمتیں و برکتیں سمیٹنے کی کوشش کریں۔ اپنے دلوں میں تقویٰ پیدا کیاجائے۔ گناہوں کی معافیاں مانگی جائیں اور آئندہ سے اللہ کی نافرمانیاں نہ کرنے کا پختہ عہد کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کو نازل کیاجو پوری انسانیت کیلئے راہ ہدایت ہے۔ انفرادی سے لیکر اجتماعی امور اور معاشی و سیاسی ڈھانچوں تک ہر مسئلہ سے متعلق قرآن ہماری رہنمائی کرتا ہے۔جب مسلمان قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرتے ہیں تو دنیا سے ظلم و ستم کا خاتمہ و امن قائم رہتا ہے اوراللہ تعالیٰ آسمانوں سے رحمتوں کی بارشیں برساتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ روس میں وزیر اعظم نواز شریف اور نریندر مودی کے مابین ملاقات ہوئی ہے۔ چینی صدر نے بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران دوٹوک انداز میں پاکستان پرپابندیوں کے حوالہ سے بھارت کی جانب سے پیش کردہ قرارداد ویٹو کرنے کا دفاع کیا لیکن ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی کو یقین دلا رہے ہیں کہ ممبئی حملہ کیس کے سلسلہ میں ذکی الرحمن لکھوی کا ٹرائل کیا جائے گا۔ ہم صاف طور پرکہتے ہیں کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو ہی کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا۔ وہ پاکستان کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشوں سے کسی صورت باز نہیں آئے گا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ آج مسلمانوں کے مسائل حل نہ ہونے کی بڑی وجہ حکمرانوں اور عوام کی طرف سے اللہ تعالیٰ کے احکامات کی نافرمانیاں کرنا ہے۔مسلمانوں کو اپنے عقائد و اعمال کی اصلاح اور رضائے الہیٰ کے حصول کی کوشش کرنی چاہیے۔

حافظ سعید

مزید :

صفحہ آخر -