عوام کو گھر کا فرد نہ سمجھنے والے ایڈمن افسرکسی رعایت کے مستحق نہیں ،امین وینس

عوام کو گھر کا فرد نہ سمجھنے والے ایڈمن افسرکسی رعایت کے مستحق نہیں ،امین ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(کرائم سیل)سی سی پی او کیپٹن(ر)محمد امین وینس نے کہا ہے کہ عام آدمی کے مسائل کے حل اور تھانے میں آنے والے شریف شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسئلہ کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرنیکی جد جہد کرنے والے ایڈمن افسر وں کی ہر سطح پر نہ صرف حوصلہ افزائی کی جائے گی بلکہ انہیں انعامات اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا جائے گاجبکہ شہریوں کے مسائل کے حل میں دلچسپی نہ لینے اور تھانے میں آنے والے شہریوں کو اپنے گھر کا فرد نہ سمجھنے والوں ایڈمن افسر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہونگے اور نہ ہی انہیں ایڈمن افسروں کے پراجیکٹ کا حصہ رہنے کا کوئی حق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایڈمن افسروں کی تھانوں میں تعیناتی کا مقصد ہی شہریوں سے بدتمیزی اور بد اخلاقی کی شکایت کوختم کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو تھانے کی سطح پر انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز الحمرا ہال میں ایڈمن افسروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے منعقدہ ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ چیف ایڈمن افسر ایس پی سی آئی اے محمد عمر ورک نے سی سی پی او کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایڈمن افسر لاری اڈا محمد شاہد نے غریب رکشہ ڈرائیور کو ایک بااثر غنڈے کی قید سے نہ صرف نجات دلائی بلکہ اندراج مقدمہ کے ساتھ ساتھ ملزم کو بھی گرفتار کروایا ۔ اسی طرح تھانہ بادامی باغ کے ایڈمن افسر عمران نے واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی فوری توجہ دلاتے ہوئے غریب اور مظلوم شہری کے اغوا کے مقدمہ کے بروقت اندراج کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تھانہ سرور روڈکے ایڈمن افسر نے غریب ریٹائرڈ سرکاری ملازم توقیر احمد جو پنشن لینے کے لئے جی پی او کینٹ آیا تھا کی سائیکل چوری ہونے پر نہ صرف اس کا مقدمہ فوری درج کروایا بلکہ2 ہفتے میں انویسٹی گیشن پویس کے تعاون سے اس کی چوری شدہ سائیکل بھی برآمد کروا کر دی۔ انہوں نے کہا کہ مانگا منڈی کے ایڈمن افسر نے تھانے میں آنے والی نسیم بی بی کی فوری مددکرتے ہوئے اس کو پریشان کرنے والے بدقماش شخص کے خلاف فوری قانونی کاروائی کرواتے ہوئے اسے حوالات میں بند کروایا ۔سی سی پی اونے انسانی ہمدردی اور عام آدمی کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر تھانے آنے والی شہریوں کا مسئلہ اپنا مسئلہ سمجھ کر حل کروانے پرمانگا منڈی کے دونوں ایڈمن افسروں ، لاری اڈا، بادامی باغ اور سرور روڈ کے ایڈمن افسروں شاہد ، عمران اور طارق کو پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

مزید :

علاقائی -