ایک گھنٹے میں شادی کی خواہش سے طلاق تک کا سفر!نوجوان جوڑے نے دنیا کو حیران کر دیا

ایک گھنٹے میں شادی کی خواہش سے طلاق تک کا سفر!نوجوان جوڑے نے دنیا کو حیران کر ...
ایک گھنٹے میں شادی کی خواہش سے طلاق تک کا سفر!نوجوان جوڑے نے دنیا کو حیران کر دیا

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دوسرے کو جانے پہچانے اور سمجھے بغیر کوئی بھی شخص کسی سے شادی کا سوچ بھی نہیں سکتا، ایسا بالکل نہیں ہو سکتا کہ کوئی شخص کسی ایسے شخص کو اپنا لائف پارٹنر بنانے کا فوری فیصلہ کر لے جسے وہ آج تک ملا ہی نہیں۔ لیکن ڈیٹنگ ایپلی کیشن ٹنڈر پر ایک جوڑے نے صرف 20میسجز پر مشتمل گفتگو کی اور ایک دوسرے سے نہ صرف شادی کرنے پر رضامند ہو گئے بلکہ شادی کے بعد گھر اور بچوں تک کی منصوبہ بندی کر لی اور بالآخر طلاق کا فیصلہ بھی کر لیا۔ جوڑے نے بعد میں اپنی چیٹنگ کے سکرین شوٹس سماجی رابطے کی ویب سائٹ Imgurپر شیئر کیے، جسے پڑھ کر دیگر صارفین حیران رہ گئے کہ کوئی اتنی جلدی شادی جیسا اہم فیصلہ کیسے کر سکتا ہے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے طلاق کیسے ہو سکتی ہے۔

Imgurپر شیئر کی گئی جوڑے کی چیٹ رسمی انداز میں شروع ہوتی ہے جیسے عموماً ڈیٹنگ ایپلی کیشنز کے صارفین کرتے ہیں۔ جوڑا کچھ دلچسپ میسجز سے گفتگو کا آغاز کرتا ہے لیکن چند ہی منٹ بعد انتہائی سرعت سے ایک ساتھ زندگی گزارنے کی منصوبہ بندی میں لگ جاتا ہے۔ حد سے زیادہ بے قراری کا مظاہرہ کرتے ہوئے لڑکا کہتا ہے کہ ’’کیا تم چاہتی ہو کہ ہمیں شادی کر لینی چاہیئے؟‘‘ لڑکی جواب دیتی ہے کہ ’’بالکل، آپ ٹھیک سمجھے ہو، میں یہی چاہتی ہوں۔‘‘ یہ جواب سن کر لڑکا کہتا ہے کہ ایک منٹ ٹھہرو میں اپنی ماں کو یہ خوشخبری سنا کے آتا ہوں۔ دوسرے میسج میں لڑکا پوچھتا ہے کہ ’’ہم شادی کے بعد کہاں رہیں گے؟‘‘لڑکی جواب دیتی ہے کہ ’’کسی ایسی جگہ جہاں موسم گرم رہتا ہو لیکن دسمبر میں برف پڑتی ہو کیونکہ ہمارے بچے برف پر کرسمس منانا پسند کریں گے، تمہارا کیا خیال ہے؟‘‘اس کے بعد دونوں امریکی ریاست مسیسپی میں واقع ایک وادی میں گھر بنانے کی منصوبہ بندی کرتے ہیں جہاں سال بھر موسم گرم رہتا ہے لیکن دسمبر میں برفباری ہوتی ہے۔

اس کے بعد لڑکی کہتی ہے کہ ’’بالکل، اس وادی میں گھر بنانے کے بعد تم گھر کے تہہ خانے کو انٹرٹینمنٹ روم بنا لینا تاکہ مجھ سے روٹھنے کے بعد تم وہاں وقت گزار سکو۔‘‘لڑکا جواب دیتا ہے کہ ’’میں لانڈری بھی وہیں نیچے تہہ خانے میں بنا دوں گا تاکہ جب تم نیچے کپڑے دھونے آؤ تو تمہیں دیکھ سکوں۔‘‘پھر لڑکا لڑکی سے فون نمبر مانگتا ہے اور وہ بلاتامل اسے اپنا نمبر دے دیتی ہے۔ ہنسی خوشی زندگی گزارنے کا خواب اس وقت دھندلا جاتا ہے جب اس تیز رفتار جوڑے کے درمیان مالی معاملات پر تلخی ہو جاتی ہے اور معاملہ شادی اور بچوں سے ہوتا ہوا طلاق کی طرف چلا جاتا ہے۔

imgurکے صارفین کی طرف سے جوڑے کے اتنی جلدی شادی پر رضامند ہوجانے پر طرح طرح کے کمنٹس دیئے ہیں۔ ایک شخص نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ اس طرح بھی ہو سکتا ہے۔ ایک خاتون کہتی ہے کہ اس نے اور اس کے شوہر نے ایسے ہی شادی کی تھی لیکن ہم نے ایک دوسرے سے فیک پروفائل بنا کر بات نہیں کی تھی، اکاؤنٹس پر ہماری تصاویر بھی اصلی تھیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس