’مجھے 24 سال کی عمر میں گینگ ریپ کیا گیا‘ بھارتی اداکارہ کے انکشاف نے ہنگامہ برپا کردیا
ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ حسینہ اور سلیبرٹی ہیئر سٹائلسٹ سپنا بھاونانی کی شوخ و چنچل اداؤں کو دیکھ کر کبھی کسی نے سوچا بھی نہ تھا کہ ان کا ماضی ایسا دکھ بھرا بھی ہوسکتا ہے۔
’’پیار کے سائیڈ ایفیکٹس‘‘ اور ’’اگلی اور پگلی‘‘ جیسی فلموں اور ایک رئیلٹی شو میں سلمان خان کے ساتھ تلخ کلامی سے شہرت پانے والی فنکارہ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ جب وہ 24 سال کی تھیں اور امریکی شہر شکاگو میں ایک رات اکیلی چہل قدمی کررہی تھیں تو اوباش نوجوانوں کے ایک گروہ نے انہیں گینگ ریپ کا نشانہ بنا ڈالا۔ سپنا نے ویب سائٹ "Humans of Bombay" پر شائع ہونے والی ایک تحریر میں بتایا کہ جب وہ شکاگو گئیں تو زندگی اپنے ڈھنگ سے گزارنے لگیں۔ ’’یہ کرسمس کی رات تھی اور میں رات گئے ایک شراب خانے سے اکیلی نکل کھڑی ہوئی۔ میں نے مختصر لباس پہن رکھا تھا اور لبوں پر سرخ لپ سٹک لگارکھی تھی، جبکہ میں شراب نوشی بھی کرتی رہی تھی۔
اچانک ایک بڑے کوڑا دان کے پیچھے سے نوجوانوں کا ایک گروپ میری طرف بڑھا اور انہوں نے میری کنپٹی پر پستول رکھ دیا، یہ معاملہ بالآخر گینگ ریپ کی طرف بڑھ گیا۔ مجھے یاد ہے کہ میں گھر لوٹی، غسل کیا، اور سالوں اس واقعے کو بھلانے کی کوشش کرتی رہی اور کبھی اس بات کو اپنا حوصلہ توڑنے نہ دیا، میں اب بھی مختصر لباس پہنتی ہوں اور سرخ ترین لپ سٹک اپنے لبوں پر لگاتی ہوں۔‘‘
سپنا نے مزید لکھا کوئی بھی مارکھانا یا گینگ ریپ کا نشانہ بننا پسند نہیں کرتا، لیکن میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ اگر کوئی خاتون کوئی اور چارہ نہ ہونے پر اس بات کو اپنے تک محدود رکھے تو یہ اس کی کمزوری نہیں بلکہ طاقت ہے۔ سوشل میڈیا پر سپنا کے مداحوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود پر ہونے والے ظلم کو دنیا کے سامنے بیان کرکے جنسی درندگی کا نشانہ بننے والی خواتین کو ہمت دی ہے۔