کپاس کی پتا مروڑ وائرس سے بچاؤ کیلئے حکمت عملی جاری

کپاس کی پتا مروڑ وائرس سے بچاؤ کیلئے حکمت عملی جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق امسال موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے کپاس کی فصل پر پتا مروڑ وائرس کا حملہ مشاہدے میں آرہا ہے ۔اس بیماری کے موثر تدارک کیلئے کاشتکار کپاس کی فصل میں موجود جڑی بوٹیوں کی تلفی کویقینی بنائیں چونکہ پتا مروڑ وائرس کی بیماری سفید مکھی کی وجہ سے پھیلتی ہے لہذٰا جڑی بوٹیوں کی تلفی کپاس کے کھیتوں اور اردگرد موجود کھالوں اور وٹوں سے تلف کرنا بیحد ضروری ہے۔ یہ جڑی بوٹیاں سفید مکھی کی نہ صرف آماجگاہ کے طور پراستعمال ہوتی ہیں بلکہ کپاس کے پودوں سے غذائی ضروریات میں بھی ان سے مقابلہ کرتی ہیں۔ کپاس کے علاوہ یہ بیماری متبادل میزبان فصلوں مثلاً بھنڈی ،تمباکو،بینگن،توڑی،ٹماٹر،مرچ،بیر اور جڑی بوٹیوں مثلاً اٹ سٹ،مکو،لہیہ،کرنڈ،ہزار دانی،کُٹھ کندا،سن ککڑ،اَک ،سکلائی پر بھی پائی جاتی ہیں لہذٰا ان میزبان پودوں،جڑی بوٹیوں و دیگر میزبان پودوں پر سے سفید مکھی کا کنٹرول بھی انتہائی ضروری ہے۔ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ پتا مروڑ وائرس کی بیماری کے آغاز میں اگر کھادوں کا متوازن استعمال خاص طور پر پوٹاشیم کا متوازن استعمال کیا جائے تو وائرس کے اثرات کو کم کیا جاسکتا ہے۔کاٹن ریسرچ انسٹیٹوٹ ملتان میں کئے گئے تجربات سے یہ ثابت ہوا ہے کہ مگنشیم سلفیٹ بحساب 300 گرام،پوٹاشیم نائٹریٹ200 گرام،زنک سلفیٹ200 گرام اور بوریکس 200 گرام فی ایکڑ100 لیٹر پانی میں حل کرکے تین سپرے بیجائی کے بعدبالترتیب60 ،75 ،90 دن پر کریں تاکہ اس بیماری کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

؂کپاس کی پتا مروڑ بیماری سفید مکھی کی وجہ سے پھیلتی ہے اور اس سے کپاس کی فصل بدرنگ ہوجاتی ہے اور فی ایکڑ پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے اس لئے کپاس کے کاشتکار محکمہ زراعت(توسیع یا پیسٹ وارننگ)کی فیلڈ فارمیشن سے رابطہ کرکے اس کے تدارک کا موثر انتظام کریں۔مزید معلومات کیلئے کاشتکار زرعی ہیلپ لائن کے نمبرز0800-15000 اور0800-29000 پر صبح8 بجے سے رات8 بجے تک مفت کال کر سکتے ہیں
****

مزید :

کامرس -