اسلام آباد میں سارک چیمبر ہیڈکوارٹرسے ترقی کانیاسفرشروع ہوگا

اسلام آباد میں سارک چیمبر ہیڈکوارٹرسے ترقی کانیاسفرشروع ہوگا

اسلام آباد (آن لائن) سارک چیمبر کے صدر رووان ایدر سنگھے نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں سارک چیمبر کے ہیڈکوارٹرکی عمارت کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد خطے کے وسائل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کارلاتے ہوئے ترقی اور خوشحالی کی جانب ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو بلڈنگ کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ ہیڈکوارٹرز کی یہ عمارت 10 منزلہ ہو گی اور اس میں تمام جدید سہولیات میسر ہوں گی۔ اس پر ایک ارب روپے سے زائد کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہیڈکوارٹر اب تکمیل کے مراحل میں ہے اور یہ اتحاد، امن، خوشحالی اور ترقی کی علامت ہو گا اور ہمسایہ ممالک کے مابین تعاون اور اعتماد کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہیڈکوارٹر خطے کی مختلف کمیونٹیز کے لئے قریب آنے کا ایک ذریعہ بھی ثابت ہو گا اور اس سے مل جل کر استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سارک چیمبر کی اولین ترجیح یہ ہے کہ سارک کے ممبر ممالک کے درمیان دوستانہ تعاون کو فروغ دیاجائے۔ ہم دو طرفہ علاقائی شراکتداری اور تعاون کو فروغ دینے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیائی تعاون کوبہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے کیونکہ یہ سب سہاران افریقہ کے بعد دنیا کا دوسرا کم ترقی یافتہ علاقہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سارک خطے میں علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری کی بھر پورصلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سارک کے رکن ممالک کے مابین نان ٹیرف بیریئر کو ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ قبل ازیں بلڈنگ کمیٹی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے اجلاس کوبتایا کہ عمارت کی 95 فیصد ساخت کا عمل بین الاقوامی معروف آرکیٹیکٹس اور ڈیزائنرز کی نگرانی میں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل کے دوران حکومت پاکستان اور میجیکیٹس نے اس منصوبے کی مجموعی لاگت کا 80 فیصد حصہ لیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ رواں سال کے اختتام تک مکمل کر لیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلڈنگ کمیٹی کے وائس چیئرمین زبیر احمد ملک ذاتی طور پراس کی تعمیر کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل محترمہ حنا سعید اور نائب سیکرٹری جنرل ذوالفقار علی بٹ تعمیراتی منصوبے کی باقاعدگی سے چیکنگ کرکے تعمیراتی معیار اور معدنیات کے استعمال کا بروقت عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ اس موقع پر سارک چیمبر کے صدر رووان نے افتخار علی ملک اور زبیر

احمد ملک کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس منصوبے میں حکومت پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔

مزید : کامرس


loading...