سابق صدرآصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس

سابق صدرآصف علی زرداری اور فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کیس

لاہور(فلم رپورٹر)سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے حوالے سے شوبز کے مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔اداکارہ،ماڈل اور پرفارمر ماہ نور نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اس ملک کی ترقی کے لئے بہت کچھ کیا مگر عدالت نے ان کے خلاف فیصلہ سنا دیا اب اگر آصف علی زرداری کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے تو کون سی بڑی بات ہے ۔اگر انہوں نے کرپشن کی ہے تو وہ بھی سزا کے حقدار ہیں۔گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا کہ نواز شریف فیملی کو دی جانے والی سزا بہت زیادہ ہے اب لگتا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اگر انہوں نے ان کی بہن نے کوئی غلط کام کیا ہے تو ان کو سزا ملنی چاہیے ۔سینئر اداکار اسد بھنڈارہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک شخص کے علاوہ سب کرپٹ قرار دیئے جا رہے ہیں ۔اداکارسفیان نے کہا کہ آصف علی زرداری کے خلاف اگر کوئی کارروائی کرنا ہی تھی تو الیکشن سے بہت پہلے کرنا چاہیے تھی اس موقع پر یہ تاثر مل رہا ہے کہ ایک شخص کا راستہ صاف کرنے کے لئے سب کچھ کیا جا رہا ہے ۔ڈائریکٹر عتیق الرحمن کا کہنا ہے کہ چور فیملی کا یہی انجام ہونا تھا عدالتی فیصلے نے دل باغ باغ کردیئے اب یقین ہے کہ آصف علی زرداری اور فیملی کو بھی کڑی سزا ملے گی۔ اداکار ظفر عباس کھچی نے کہا کہ نواز شریف کے بعد آصف علی زرداری بھی اپنے منطقی انجام کو پہنچ جائیں گے۔ان دونوں کی لالچ انھیں لے ڈوبی۔ خوشبونے کہا کہ میں اس بات پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔اداکار و ماڈل منیب بٹ نے کہا کہ میاں نواز شریف اور ان کی فیملی کی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہوگئی ہے اور آصف علی زرداری کی باری ہے۔اداکار انوسنٹ اشفاق نے کہااس ملک میں اب کرپشن کی کوئی جگہ نہیں ہے ۔سینئر اداکارہ و ماڈل مایا سونو خان نے کہا کہ میں فیصلے کے بارے میں تو کوئی بات نہیں کروں گی البتہ صرف اتنا کہوں گی اللہ اس ملک کی حفاظت فرمائے ۔سید نور نے کہا کہ میں غیر سیاسی بندہ ہوں اس لئے کسی بھی قسم کی بات نہیں کرنا چاہتا۔اداکاربابر علی نے کہا نو کمنٹس میرا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔گلوکارہ فرحت خان نے کہا کہ ایک فنکار سیاست سے دور ہی رہے تو بہتر ہے میں نے کبھی سیاستدانوں کے بارے میں کوئی رائے نہیں دی ۔میگھا نے کہا کہ نواز شریف کے فیصلہ درست تھا یا غلط یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گازرداری کے حوالے سے خاموشی ہی بہتر ہے ۔سینئر اداکارہ ہانی بلوچ نے کہا کہ سب سے بہتر خاموشی ہے ۔

ڈائریکٹر اشعر نے آصف علی زرداری کے خلاف انکوائری کے فیصلہ کو درست اور عین انصاف کے مطابق قرار دیا ہے۔صائمہ نور نے کہا کہ مجھے سیاست سے دور ہی رہنے دیں ۔سینئر اداکار سہراب افگن نے کہا کہ ہمیں ان باتوں پر تبصرہ کرنے کی بجائے مل کر اس ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کرنا چاہیے ۔اس فیصلے کے نتائج کیا مرتب ہوں گے اس بارے میں کوئی بھی رائے قائم کرنا نہیں چاہتا ویسے بھی میں ایک غیر سیاسی شخص ہوں۔اداکار اسلم شیخ نے کہا کہ عدالت نے مسلم لیگ (ن)کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیاہے اور اب آصف علی زرداری کی باری ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر مبشر ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف کو دی جانے والی سزا افسوسناک تھی اب آصف علی زرداری کا کیا انجام ہوگا یہ تو وقت ہی بتائے گا ۔اداکار عباس اشرف نے کہا کہ بات سن کر دل باغ باغ ہوگیا اب دوسراشیطان اندر جائے گا۔اداکارہ افشین اشرف نے بھی فیصلہ پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔سینئر اداکار رشید علی نے کہا کہ جو ہو رہاہے ہونیں دیں اب قوم کو چاہیے کہ انتخابات میں ایماندار اور اہل قیادت کو منتخب کرے۔گلوکار تنویر آفریدی نے کہا کہ یہ سب مکافات عمل ہے۔

مزید : کلچر


loading...