ڈی جی ایل ڈی اے کا دورہ ون ونڈ سیل، درخواستیں فوری نمٹانے کی ہدایت

ڈی جی ایل ڈی اے کا دورہ ون ونڈ سیل، درخواستیں فوری نمٹانے کی ہدایت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے ون ونڈو سیل پر زیر التواء درخواستوں کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ون ونڈو سیل کو فاسٹ ٹریک پر چلایا جائے ‘شہریوں کی درخواستوں پر غیر ضروری اعتراضات نہ لگائے جائیں ۔ افسران اور ملازمین شہریوں کی خدمت کریں ‘لوگوں کو تنگ کرنے والوں کی اب یہاں کوئی گنجائش نہیں۔ شہریوں کوان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں۔تمام ڈائریکٹوریٹ ہر ہفتے نپٹائی جانے والی درخواستوں کے بارے میں کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے ضروری ہواتو میں خود ون ونڈو پر کام کروں گی ۔

۔ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے گزشتہ روز ون ونڈو سیل کا معائنہ کیا‘ وہ مختلف کاؤنٹرز پر گئیں اور وہاں آنے والے شہریوں سے ان کے مسائل معلوم کر کے ان کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہاؤسنگ)ذیشان شبیر رانااور متعلقہ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ایل ڈی اے ون ونڈو سیل پر سینئرسٹیزنز (بزرگ افراد)اور خواتین کے لئے خصوصی کاؤنٹرقائم کر دیئے گئے ہیں۔پراپرٹی کی ملکیتی دستاویزات کی آن لائن تصدیق کے لئے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا کاؤنٹر بھی بنا دیا گیا ہے۔آمنہ عمران خان نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پرکم سے کم وقت میں عمل درآمد کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ون ونڈو سیل کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گی تا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر کے لئے این او سی کے اجرا ، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کے لئے آنے والوں کے جائز اور قانونی کاموں کی انجام دہی بروقت یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ عملے کی طرف سے تاخیری حربوں اور بدعنوانی کی شکایات دور کرنے کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کا عمل دخل بھی ختم کیا جائے گا۔