عوام روایتی سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں، سیف اللہ خالد

عوام روایتی سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں، سیف اللہ خالد

لاہور( پ ر )ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہا ہے کہ عوام روایتی سیاستدانوں سے تنگ آچکے ہیں، ہم پاکستان میں بسنے والے پاکستان اور اسلام کی بنیاد پر بھائی بھائی ہیں۔ ہمیں پاکستانیت کی بنیاد پر سیاست کے عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ مشکل کی گھڑی میں بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کریں گے۔دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے 25جولائی کو کرسی پر مہر لگائیں اور ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ووٹ دیکر کا میاب کروائیں ۔عوام کا ووٹ بہت قیمتی ہے ، سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں اور کرپٹ امیدواروں کی بجائے محب وطن اور صادق و امین امیدواروں کو منتخب کریں تا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے64 چکوال میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چکوال پہنچنے پر ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد کا بھر پور استقبال کیا گیا۔

پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں،اس موقع پر این اے64سے اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار عبداللہ نثار اعوان،امیدوار پی پی21حاجی ایوب کہوٹ،امیدوار پی پی22ملک مشتاق شعیب و دیگر بھی موجود تھے۔جلسہ میں چکوال کی مختلف برادریوں نے ملی مسلم لیگ کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ ملی مسلم لیگ کی عوام میں بھرپور پذیرائی اللہ کی خاص رحمت ہے۔ہمارا منشور رب کا قرآن اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے۔ہم پاکستان پر لاالہ اللہ محمد رسول اللہ کا راج قائم کریں گے۔پاکستانی پارلیمنٹ دنیا کی واحد پارلیمنٹ ہے جس کی پیشانی پر کلمہ طیبہ کنندہ ہے۔اب وقت آگیا ہے کہ کلمہ طیبہ کو پارلیمنٹ کے اندر بھی رائج کریں۔ ملی مسلم لیگ غربت و محرومی کا خاتمہ کرے گی۔ غریب کو بھوک و افلاس سے اپنے بچے نہیں بیچنے پڑیں گے۔ ملی مسلم لیگ کے دور میں عوام سکون سے سوئے گی اور حکمران اس کی خدمت میں مصروف ہوں گے۔سیف اللہ خالد نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کلمہ کی بنیاد پر قائم ہوا تھا ۔ملی مسلم لیگ پاکستان کومضبوط ،مستحکم بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنا ہے۔ تعلیم سے نظریہ پاکستان کو نکالا گیا، معاشرتی، سیاسی، معاشی ڈھانچے میں خرابیاں پیدا کی گئیں۔ ملی مسلم لیگ ان کی اصلاح کرے گی۔ ایک ملت بن کر مغرب کی تہذیبی یلغار کا مقابلہ کریں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...