پی ٹی آئی کا منشور انقلابی اور عوامی امنگوں کا ترجمان ہے،مراد راس
لاہور(پ ر) پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق رکن پنجاب اسمبلی و حلقہ پی پی 159 سے امیدوار ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا منشور انقلابی اور حقیقی معنوں میں عوامی امنگوں کا ترجمان ہے یہ منشور ہر شعبے کی گہرائی کے ساتھ جائزہ لینے اور قابل عمل تجاویز کو چننے کے بعد تیار کیا گیا ہے۔ اب پاکستان کو تعمیر و ترقی کی جانب بڑھنے سے دنیا کی کوئی طاقت روک نہیں سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ میں پارٹی دفتر کے افتتاح کے دوران کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آکر بلدیاتی الیکشن کے ذریعے تمام اختیارات بنیادی سطح پر عوام کو منتقل کرکے حقیقی جمہوریت قائم کرے گی اور تین سال کے اندر ملک کے مقدر میں لکھے گئے اندھیروں کو دور کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لیڈروں نے عوام کو اپنے منشور میں سہانے خواب دکھائے اور دلفریب نعروں کے ذریعے ان کی حمایت حاصل کرکے اقتدار کے ایوانوں میں پہنچے مگر بعد میں ان کا منشور کاغذوں سے باہر نہیں نکل سکا مگر تحریک انصاف کا منشور نہ صرف انقلابی ہے بلکہ یہ پوری طرح قابل عمل ہے۔