سیاسی جماعتیں زبانی جمع خرچ کے بجائے غربت ختم کریں،خورشید احمد

سیاسی جماعتیں زبانی جمع خرچ کے بجائے غربت ختم کریں،خورشید احمد

لاہور(پ ر)سیاسی جماعتوں کو زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے ملک میں غربت ،جہالت اور نوجوانوں کی عام بے روزگاری اور سماج میں جا گیر داری ، اجارہ داری ، امیر اور غریب کے مابین بے پناہ فرق دور کرنے کے لئے واضح لائحہ عمل کا اعلان کرنا چاہیے جس سے وطن عزیز کھربوں روپے کے غیر ملکی قرضوں کی زنجیروں سے جلدازجلد آزاد ہو ۔ قومی ا ور صوبائی اسمبلیوں کو بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اعلان کرنا چاہیے کہ وہ سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے تنخواہیں و مراعات حاصل کرنے کی بجائے صرف ایک روپیہ ماہانہ تنخواہ حاصل کریں گے ۔ محنت کشوں کے بنیادی حقوق کی ضمانت دینے کے ساتھ ساتھ اْن کی کم ازکم اْجرت مبلغ تیس ہزار روپے ماہوار اور نجی اداروں کے ملازمین کی ماہانہ بڑھاپے کی پنشن کم ازکم مبلغ بیس ہزار روپے مقرر کرانے اور اْنہیں بڑھاپے میں ریٹائر ہونے پر سوشل سیکورٹی سکیم کے تحت مفت علاج کی سہولت دلانے کی ضمانت دینے کا اعلان کرناچاہیے ۔یہ مطالبات آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن کے زیر اہتمام بختیار لیبر ہال میں ہونے والے اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بزرگ مزدورراہنماء خورشید احمد جنر ل سیکرٹری کنفیڈریشن ہذا نے اعلان کیا کہ ملک کے محنت کشوں کو متحد ہوئے ملک میں استحصالی نظام کے خاتمہ اور سماج میں محنت کے احترام اور سماجی انصاف کے اْصولوں پر عمل درآمد کرانے کے نظام نافذ کرانے کی اپنی بھرپور جدوجہد کو کامیاب کرنا چاہیے۔ اجلاس کو روبینہ جمیل صدر، یوسف بلوچ چیئرمین، اکبر علی خان ایڈیشنل سیکرٹری، اْسامہ طارق سیکرٹری، نیاز خان ، سعید گجر، چوہدری محمد انور، محمد وارث، محمد رمضان اچکزئی، عبدالطیف نظامانی ، گوہر تاج، جاوید احمد ودیگر نمائندگان کنفیڈریشن ہذا نے خطاب کیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...