پاک بحریہ افواج پاکستان کا اہم ترین حصہ ہے،کموڈور (ر ) نوید احمد

پاک بحریہ افواج پاکستان کا اہم ترین حصہ ہے،کموڈور (ر ) نوید احمد

لاہور(جنرل رپورٹر) پاک بحریہ ہماری افواج کا اہم ترین حصہ اور پاکستان کی بحری حدود اورسمندر کی محافظ ہے۔ نئی نسل پاکستان کا مستقبل ہے ، وہ بھرپور محنت اور علم کے ذریعے پاکستان کو دنیا کی عظیم طاقت بنائیں۔پاک بحریہ پاکستان کی سمندری سرحدوں کی نگہبان اور اس کی خاطر ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان نیوی وار کالج‘ لاہورکے ڈائریکٹر ریسرچ کموڈور(ر)نوید احمد نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان‘ شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول کے 18ویں سالانہ تعلیمی سیشن کے 17ویں روز طلبا و طالبات کو ملٹی میڈیا کے ذریعے پاک بحریہ اوراس کے کردار کے متعلق پریزینٹیشن کے دوران کیا۔ اس موقع پر سینئر انسٹرکٹر پاکستان نیوی وار کالج کیپٹن ریحان طاہر، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان بھی موجود تھے۔ نظریاتی سمر سکول کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا ہے۔ سکول کا ماٹو’’پاکستان سے پیار کرو‘‘ ہے۔ کموڈور(ر) نوید احمد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر طرح کی نعمتوں سے نواز رکھا ہے، ہمارا ملک جغرافیائی محل وقوع کے اعتبار سے بہترین جگہ پر واقع ہے ۔ پاکستان کی زیادہ تر تجارت سمندر کے راستے ہوتی ہے ۔چین پاکستان کا ہمسایہ اوربہترین دوست ہے۔ پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے ،جو جدید سازوسامان سے لیس ہے ۔ 14اگست 1947ء کو پاکستان معرض وجود میں آیا تو پاک بحریہ کے حصے میں معمولی قسم کا سازوسامان آیا مگر آج یہ ملک کے اندر جدید ترین آبدوزوں ، جنگی بحری جہازوں ،میزائل بردار کشیتوں سے لیس ہے اور اس کے ساتھ ساتھ جدید ہتھیار بنانے کی بھرپور صلاحیت حاصل کر چکی ہے۔ کیپٹن ریحان طاہر نے کہا کہ پاک فوج وطن عزیز کی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے ۔

نوید احمد

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...