منی لانڈرنگ ، زرداری ، فریال آج ایف آئی اے طلب ، دونوں کا پیش نہ ہونے کا فیصلہ

منی لانڈرنگ ، زرداری ، فریال آج ایف آئی اے طلب ، دونوں کا پیش نہ ہونے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی ،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو آ ج طلب کرلیا ،بلاول ہاوس لاہور میں سینئر وکلا سے مشاورت کے بعد پیش نہ ہو نے کا فیصلہ، زرداری کی بجائے قانونی ٹیم پیش ہو گی، نجی ٹی وی کے ذرائع کادعوی۔ تفصیلا ت کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو آ ج طلب کرلیاجبکہ سپریم کورٹ نے اسی کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کو 12 جولائی کو طلب کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے بلانے سے پہلے ایف آئی اے سندھ نے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ایف آئی اے انسپکٹر محمد علی ابڑو کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور دونوں شخصیات کو پوچھ گچھ کیلئے ایف آئی اے سٹیٹ بینک سرکل میں آج طلب کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق آصف زرداری اور فریال تالپور کو ایک ساتھ صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے۔ایف آئی اے حکام کے مطابق سابق صدر کو زرداری گروپ لمیٹیڈ کے شیئر ہولڈر اور فریال تالپور کو بطور زرداری گروپ کی ڈائریکٹر طلب کیا گیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق فریال تالپور کونوٹس کلفٹن بلاک 5 میں ان کی رہائش گاہ اور آصف علی زرداری کو نوٹس بلاول ہاؤس بھیجا گیا۔نوٹس کے متن میں کہا گیا ہے کہ 20 مئی 2014 کو ڈیڑھ کروڑ کا چیک زرداری گروپ لمیٹیڈ کے اکاؤنٹ میں جمع ہوا، دونوں رہنماؤں کی کمپنی کا نام مقدمہ نمبر4/2018 میں بطور بینی فشری درج ہے۔نوٹس میں دونوں شخصیات کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جان بوجھ کرپیش نہ ہونے پرضروری قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ علاوہ ازیں بلاول ہاوس لاہور میں آصف زرداری نے منی لانڈرنگ کیس میں طلبی کے معاملے پر سینئر وکلا سے مشاورت کے بعد کل ایف آئی اے کے سامنے نہ پیش ہو نے کا فیصلہ کر لیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی میں آصف زرداری نے سینئر وکلا ء لطیف کھوسہ،اعتزا ز احسن اور نیئر بخاری سے مشاورت کی ہے۔انہوں نے ز رداری کو کل ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہو نے کا مشورہ دیا ہے بلکہ کل آصف علی زرداری کی قانونی ٹیم ایف آئی اے کے سامنے پیش ہو گی۔
زرداری طلب

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی)آصف زرداری نے سپریم کورٹ کی جانب سے طلب کیے جانے پر فاروق ایچ نائیک، اعتزاز احسن، نیئر بخاری اور لطیف کھوسہ پر مشتمل قانونی ماہرین کی ٹیم تشکیل دیدی۔تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ، بلاول بھٹو کی انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور خصوصاً آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی ایف آئی اے اور سپریم کورٹ میں طلبی کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے کیساتھ آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق بلاول ہاؤس لاہور میں ہونیوالے اعلیٰ سطحی اجلاس میں سید خورشید شاہ ،قائم علی شاہ ، مراد علی شاہ ، رحمان ملک ، قمر زمان کائرہ ،اعتزاز احسن ،نیئر بخاری ، لطیف کھوسہ ،مولا بخش چانڈیو ،نوید قمر ،چوہدری منظور اور شیری رحمان سمیت دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں انتخابی سرگرمیوں میں رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ پیپلز پارٹی انتخابی میدان میں ہے اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا ۔ بلاول بھٹو نے کہا انتخابی مہم چلانا ہمارا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالی جائیں، انتخابی مہم جاری رکھوں گا،کارکن پرامن رہیں ،منفی ہتھکنڈوں سے عوا م میں جانے سے نہیں روکا جاسکتا۔
کمیٹی قائم

مزید :

صفحہ اول -