انتخابی مہم ،نگران وزیر ارلٰی کا صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کا حکم

انتخابی مہم ،نگران وزیر ارلٰی کا صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے ...

لاہور ( جنرل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابی عمل کے دوران امیدواروں کی سکیورٹی، پولنگ ڈے پر ووٹرز کو پرامن ماحول کی فراہمی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ نے انتخابی عمل کے دوران اور پولنگ ڈے کے موقع پر صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔نگران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امیدواروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور انتخابی جلسوں اور جلوسوں کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام ضروری اقدامات کریں اور پرامن فضا کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ امن عامہ کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ، انتخابی عمل کے دوران امن عامہ قائم رکھنے کیلئے کیے جانے والے انتظامات اور امیدواروں کی سکیورٹی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے قائم فنڈ میں 5 لاکھ روپے کا چیک دے دیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیرپاکستان کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے اور قوم کو ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈ جمع کرنے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کار خیر میں شہریوں کو اپنی استطاعت کے مطابق حصہ ڈالنا چاہیے ۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محبوب حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے انتہائی قابل پروفیسر کو اہم قومی ذمہ داری دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے نام سے قبل عزت مآب لکھنے کا آپ کا فیصلہ لائق تحسین ہے۔ نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن نے ایسوسی ایشن کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی سے میرا دیرینہ تعلق ہے۔ میں نے اپنی پہلی ملازمت کا آغاز پنجاب یونیورسٹی سے کیا تھا۔ پنجاب یونیورسٹی سے وابستہ خوشگوار یادیں میری زندگی کا حصہ ہیں۔

حسن عسکری

مزید : صفحہ اول


loading...