پنجاب ، اساتذہ پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ، مراسلہ جاری

پنجاب ، اساتذہ پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی ، مراسلہ جاری

لاہور(حافظ عمران انور) صوبہ بھر میں اساتذہ پرسیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے تمام ڈائریکٹر ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپلز کو مراسلہ جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں اساتذہ کو سیاسی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لئے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے ایک مراسلہ جاری کیا ہے جس میں پنجاب بھر کے اساتذہ کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ایکٹ کے تحت کوئی بھی سرکاری ملازم کسی بھی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہیں بن سکتا۔ اسی لئے تمام سکاری اساتذہ کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ آئندہ الیکشن2018 میں کسی بھی امیدوار کی الیکشن مہم سمیت کسی بھی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے اجتناب کریں بصورت دیگر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے یا الیکشن میں کسی بھی سطح پر کسی امیدوار کی سیاسی مہم میں شرکت کرنے پر گورنمنٹ سرونٹ ایکٹ کی خلاف ورزی تصور ہوگی اور اس خلاف ورزی پر اساتذہ کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔مراسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اساتذہ کے علاوہ انتظامی سطح پر بیٹھے ہوئے افسران اور دیگر عملہ بھی پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ایکٹ کے بنائے ہوئے قوانین پر عمل کرنے کا پابند ہو گا۔مراسلے میں کالج سربراہان کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ انتظامی طور پر اپنے ماتحت عملے کو اس حوالے سے آگاہ کریں اور انہیں پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ایکٹ 1966کے بارے میں بریفنگ دیں تا کہ وہ آئندہ عام انتخابات کے سلسلے میں ہونے والی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے گریز کریں۔مراسلے میں ڈائریکٹر ،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اورکالج سربراہان کو ہدایات دی گئی ہیں کہ گورنمنٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے اساتذہ کی سرگرمیوں پر نظررکھی جائے اور ان کی فہرست محکمے کو ارسال کی جائیں تا کہ ان اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کی عمل میں لائی جائے ۔

اساتذہ پر پابندی

مزید : صفحہ اول


loading...