کسی جیپ گروپ کا حصہ نہیں ، نواز شریف کے استقبال کیلئے نہیں جاؤں گا : چودھری نثار
ٹیکسلا (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر سیاستدان چودھری نثار نے کہاہے کہ انتخابی نشان جیپ لینے کا فیصلہ خود کیا ، کسی جیپ گروپ کا حصہ نہیں اور نہ ہی انتخابی نشان لینے کیلئے کسی سے مشاورت کی،مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ جیپ کے نشان پر کیوں ایسی باتیں کی جارہی ہیں، میاں نوازشریف کے استقبال کیلئے نہیں جاؤں گا اور اگرمسلم لیگ( ن) میں ہوتا بھی تو استقبال کیلئے نہ جاتا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ اپنی نشستوں پر فوکس کر رہاہوں ، اگر کوئی گروپ بنانا ہوتا تو ایک سال پہلے بنالیتا بہت لوگ موجود تھے ، جنوبی پنجاب کے چند لوگوں نے شیر کا نشان واپس کر کے جیپ کا نشان لے لیا اور ، نہیں جانتا کہ جیپ کانشان لینے والے کتنے لوگ ہیں ، مجھ پر تنقید کرنے کیلئے چند سیاسی لوگوں کو بہانہ چاہیے ہوتاہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومتیں آتی ہیں اور جاتی ہیں ، ملک کے مسائل پر توجہ دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حالات کامقابلہ کرنے کیلئے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ آئی ایس آئی کے سابق چیف ظہیر الاسلام کو فیئرویل نواز شریف کی اجازت سے دی ہے،جھوٹا ثابت ہونے والے شخص کی بات کا جواب نہیں دینا چاہتا کیو نکہ آنے اور جانے والے ڈی جی آئی ایس آئی کوحکومت نے عشائیہ دیا،عمرہ سے واپسی پر ظہیرالاسلام نے نوازشریف کو تحائف دیئے اس وقت کسی کو اعتراض نہیں ہوا۔چودھری نثار نے کہاکہ نوازشریف اور عمران خان سمیت کسی کو کرپشن یا دیانتداری کا سرٹیفکیٹ نہیں دے سکتا۔آصف زرداری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے الیکشن متنازعہ ہوجائے۔