مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہے ، قطری سفیر

مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کیلئے ناگزیر ہے ، قطری سفیر

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد میں قطر کے سفیر سقر بن مبارک المنصوری ( SAQR BIN MUBARAK AL-MANSOORI ) نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پر امن حل خطے میں امن کے لیے ناگزیر ہے ۔ قطر بین الاقوامی اداروں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا ۔ سقر بن مبارک المنصوری نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز تنظیم برائے امن و ثقافت کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں تنظیم برائے امن و ثقافت ( PEACE AND CULTURE ORGANIZATIOM ) کی چےئرپرسن کشمیری خاتون رہنما مشعال حسین ملک ، جنرل سیکرٹری صبین حسین شامل تھیں ۔ تنظیم برائے امن و ثقافت کے وفد نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے قطر کے سفیر کو آگاہ کیا ۔ قطر کے سفیر نے کہا کہ کشمیر ایک جنت ہے ، قطر تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق پر امن طور پر حل کرنے کا حامی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال توجہ کی متقاضی ہے ۔ سقر بن مبارک المنصوری نے مقبوضہ کشمیر کی حریت پسند قیادت بالخصوص جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چےئرمین محمد یاسین ملک ، حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی ، کی صحت کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ قطر بین الاقوامی اداروں میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ قبل ازیں تنظیم برائے امن و ثقافت کی چےئرپرسن حریت پسند کشمیری خاتون رہنما مشعال حسین ملک نے قطر کے سفیر کو بتایا کہ کشمیری حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پر امن جدوجہد کر رہے ہیں ۔ پر امن جدوجہد کو کچلنے کے لیے بھارت نے غیر مسلح کشمیری عوام کے خلاف عملاً اعلان جنگ کر رکھا ہے ۔ سات لاکھ سے زائد بھارتی فوج کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو کچلنے کے لیے مامور ہے ۔ ہر روز نوجوانوں کو شہید کیا جا رہا ہے ۔ تمام حریت قیادت نظر بند اور گرفتار ہے ۔ کشمیریوں کی نقل و حرکت ، اظہار رائے کی آزادی اور ان کی سیاسی اور مذہبی سرگرمیوں پر پابندی ہے حتیٰ کہ سرکردہ حریت قائدین بالخصوص سید علی گیلانی کو نماز جمعہ پڑھنے کی بھی اجازت نہیں ۔ مشعال حسین ملک نے بتایا کہ قابض بھارتی فوج کی کارروائیوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد بڑھ رہی ہے ۔

قطری سفیر

مزید : علاقائی


loading...